وزیر خزانہ سینیٹرمحمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس

منصوبوں پر کام مقررہ مدت میں مکمل ، تازہ صورتحال سے باقاعدہ بنیادوں پر آگاہ کیا جائے ، اسحاق ڈار

ہفتہ 30 جنوری 2016 18:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جنوری۔2016ء) وزیر خزانہ سینیٹرمحمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس کو بتایا گیا ہے کہ دسمبر 2017 ء تک توانائی کے شعبے میں متعدد منصوبے مکمل ہو جائیں گے جن سے نیشنل گرڈ میں 10 ہزار میگا واٹ بجلی شامل ہو گی اور توانائی کی قلت کا مسئلہ حل کرنے میں مدد ملے گی ۔ ہفتہ کو وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں بجلی اور پیٹرولیم کے شعبے میں ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔

جبکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت آنیوالے مذکورہ شعبوں کے منصوبے بھی زیر غور لائے گئے ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی ، وزیراعظم کے سیکرٹری فواد احمد ، وزارت خزانہ ،پانی و بجلی پیٹرولیم و قدرتی وسائل ، پاکستان پرائیویٹ پاور انفراسٹکچر بورڈ نیپرا اور این ٹی ڈی سی کے حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بجلی کی پیداوار بڑھانے کیلئے جاری ہائیڈل ، گیس ، ہوا ، سولر اور کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس کو ہر منصوبے کے مالیاتی انتظامات اور ٹائم لائنز کے بارے میں بھی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ۔ اجلاس کے دوران پاور پراجیکٹس کو گیس کی فراہمی کے انتظامات اور مطلوبہ انفراسٹرکچر کی تعمیر کے بارے میں بھی جائزہ لیا گیا اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ بجلی اور پیٹرولیم کے شعبے میں متعدد منصوبے دسمبر 2017 ء تک پایہ تکمیل تک پہنچ جائیں گے ان منصوبوں کی تکمیل سے 10 ہزار میگا واٹ تک بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو جائیگی جس سے توانائی کی قلت کا مسئلہ حل کرنے میں مدد ملے گی ۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ہدایت کی مختلف منصوبوں کیلئے کام کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں پر پیش رفت کے بارے میں باقاعدہ بنیادوں پر تازہ ترین صورتحال کی رپورٹ پیش کی جانی چاہئے ۔

متعلقہ عنوان :