مطالبات تسلیم، اساتذہ کا کل سے پرائمری اور مڈل کے امتحانات میں کا بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلا ن

پنجاب بھر میں تمام اساتذہ یکم فروری سے امتحانی ڈیوٹیاں اور تدریسی خدمات سرانجام دینگے

ہفتہ 30 جنوری 2016 18:22

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 جنوری۔2016ء) ضلع راولپنڈی میں کل (پیر سے )سے شروع ہونے والے پرائمری اور مڈل کے امتحانات میں اساتذہ نے مطالبات تسلیم کئے جانے کے بعد بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔پنجاب بھر میں تمام اساتذہ یکم فروری سے امتحانی ڈیوٹیاں اور تدریسی خدمات سرانجام دینگے۔بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان سیکرٹری تعلیم( سکولز ) سے کامیاب مذاکرات کے بعد کیا گیا ہے۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے مقررہ وقت پر امتحانات کرانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ضلع راولپنڈی سمیت پنجاب بھر کے اساتذہ نے سکولوں کی نجکاری اور طالب علموں کے فیل ہونے پر استاد کے خلاف قانونی کاروائی کے خاتمہ کے خلاف احتجاجا پرائمری اور مڈل امتحانات میں ڈیوٹیاں دینے سے انکار کر دیا تھا، جبکہ زبردستی امتحان لینے کی صورت میں مزاحمت کرنے کا بھی اعلان کیا تھا، جس پر پنجاب حکومت کی جانب سے محکمہ تعلیم کو تمام مسائل کے خاتمہ کی ہدایت کے بعد سیکرٹری ایجوکیشن (سکولز) عبدالجبار شاہین نے پنجاب ٹیچر یونین کے صوبائی چیئرمیں امتیاز احمد عباسی، صدر حافظ محی الدین، ضلعی چیئرمین راجہ شاہد مبارک اور صدر سید حامد شاہ سے مذاکرات کئے۔

(جاری ہے)

اور سیکرٹری تعلیم نے سکولوں کی نجکاری کمیٹی میں اساتذہ کے نمائندے کو شامل کرنے،ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی میں ایک استاد کو نمائندگی دینے سمیت امتحانات میں ایک مضمون میں فیل ہونے والے کو پاس تصور کرتے ہوئے استاد کے خلاف قانونی کاروائی نہ کئے جانے کی یقین دھانی کروائی گئی۔جس پر پنجاب ٹیچرز یونین کے جانب سے صوبے بھر میں امتحانات کا بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے احتجاجی تحریک کو ختم کر دیا ہے۔

اس حوالے سے اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 جنوری۔2016ء سے بات کرتے ہوئے یونین کے ضلعی صدر حامد شاہ نے بتایا کہ مطالبات کی منظوری کیلئے صوبے بھر کے اساتذہ یونین کے تمام گروپس متحد ہیں، لیکن ہم اپنے احتجاج کے زریعے طلبہ و طالبات کے مستقبل سے نہیں کھیلنا چاہتے ہیں۔اسی لئے سکولوں کا بائیکاٹ کے بجائے صرف امتحانات کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا تھا، اب ہمارے مطالبات تسلیم کر لئے گئے ہیں تو ہم احتجاج ختم کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :