تحر یک انصاف چور دروازے سے نہیں عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آئیگی ‘چوہدری محمدسرور

ہفتہ 30 جنوری 2016 16:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جنوری۔2016ء) تحریک پنجاب کے سابق آرگنائزر چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ تحر یک انصاف چور دروازے سے نہیں عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آئیگی اور عمران خان اس ملک کے آئندہ وزیر اعظم ہوں گے ‘تحر یک انصاف خاندانی نہیں جمہوری سیاسی جماعت ہے‘پنجاب میں ”ون مین “شو ہے فیصلے اسمبلی کی بجائے فرد واحد کر تا ہے جو صوبے کو تباہی کا شکار کر رہے ہیں ‘صوبے میں لوگ بھوک اور ہسپتالوں میں عدم سہو لتوں اور گندہ پانی پینے سے مر رہے ہیں حکمرانوں کے سر پر اورنج لائن میٹرو ٹرین کا ”بھوت “سوار ہے ‘ اقتدار کی باریاں لینے والی (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کا مستقبل ”زیرو“ہوچکا ہے ۔

وہ اپنے دفتر میں لاہور پر یس کلب کے صدر محمد شہبازمیاں ‘سیکرٹری شاداب ریاض‘نائب صدر عبد المجید ساجد اور خزانچی زاہد گوگی سمیت دیگر عہدیداروں کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے تحریک پنجاب کے سابق آرگنائزر چوہدری محمدسرور نے کہا کہ عمران خان ہمیشہ حق اورسچ کی بات کرتے ہیں اور وہ کئی سالوں سے کہہ رہے (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی میں مک مکاؤ ہے اور آج خودحکومتی وزراء (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی میں مک مکاؤ کی تصدیق کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف نے ملک کی جوجدوجہد کی وہ آج کا میابی سے جاری ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ آئندہ انتخابات میں تحر یک انصاف بھر پور کا میابی حاصل کر یگی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران قوم کو بے وقوف بنانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں کیونکہ صرف پاکستان ہی نہیں پوری دنیا جانتی ہے کہ پاکستان میں بدترین کر پشن ہو رہی ہے اور کسی کا احتساب نہیں ہو رہا مگر حکمران کہتے ہیں کہ ملک میں میرٹ اور شفافیات ہے اس سے زیاد ہ اور جھوٹ کیا ہو سکتا ہے ؟۔انہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف کے چےئر مین عمران خان کا پارٹی انتخابات کروانے کا فیصلہ بالکل درست ہے جسکی تحر یک انصاف کا ہر فرد مکمل سپورٹ اور تائید کر تا ہے اور پارٹی انتخابات سے تحر یک انصاف اور مضبوط ہوگی ۔