ویرات کوہلی کی محبت میں بھارتی پرچم لہرانے والا پاکستانی نوجوان عمر دراز کو اس کے سپر اسٹار کی جانب سے بچانے کا امکان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 30 جنوری 2016 13:50

ویرات کوہلی کی محبت میں بھارتی پرچم لہرانے والا پاکستانی نوجوان عمر ..

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30 جنوری 2016ء) : ویرات کوہلی کی محبت میں اپنی گھر کی چھت پر ترنگا لہرانے والے پاکستانی نوجوان عمر دراز کو گرفتار کر کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا ۔ لیکن اب موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عمر دراز کو بچانے کے لیے ویرات کوہلی کی جانب سے حیرت انگیز مدد حاصل ہو سکتی ہے۔ ویرات کوہلی کے بھائی وکاس نے اس بات پر آمادگی کا اظہار کیا ہے کہ وہ عمر دراز سے متعلق ویرات کوہلی سے مشورہ کریں گے جس کے بعد عمر کی رہائی کے لیے ممکنہ طور پر پاکستانی حکومت کے ساتھ رابطہ کیا جائے گا۔

وکاس کا کہنا ہے کہ ہم نے اس گرفتاری سے متعلق سُنا ہے اور ہمیں اس مداح کے ساتھ پُوری ہمدردی ہے۔ وکاس کا کہنا ہے کہ جمعہ کو ہونے والے میچ کے بعد میں یقیناً اس معاملے پر ویرات سے بات کروں گا اور اس سلسلے میں کسی درست آدمی سے مشورہ کرنے کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا کہ ہمیں پاکستانی حکومت سے رابطہ کرنا ہے یا نہیں۔

(جاری ہے)

وکاس نے مزید کہا کہ فی الوقت ہم ایک گھریلو تقریب میں مصروف ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 22 سالہ عمر دراز نے اپنے گھر کی چھت پر بھارتی پرچم لہرا کر پاکستان کی خود مختاری اور نظریہ پاکستان کی خلاف ورزی کی ہے۔ مقامی پولیس آفیسر فیصل رانا کا کہنا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی پر عمر دراز کو 10 سال قید اور جُرمانے کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ فیصل رانا کا کہنا ہے کہ عمر دراز نے ابتدائی تفتیش میں ہمیں بتایا کہ وہ ایک سچا پاکستانی اور بھارتی کرکٹ ویرات کوہلی کا مداح ہے، اُسے ہرگز معلوم نہیں تھا کہ گھر کی چھت پر ترنگا لہرانا ایک جُرم ہے۔ پولیس آفیسر نے بتایا کہ عمر دراز کا گھر ویرات کوہلی کی تصاویر اور پوسٹرز سے بھرا پڑا ہے، عمر بھارتی کرکٹر کا اتنا بڑا مداح ہے کہ اس نے گھر کی دیواروں پر ویرات کوہلی کے پوسٹرز چسپاں کر رکھے ہیں۔

متعلقہ عنوان :