ایل ای ڈی ڈلائٹس کے32امپورٹرز پر ٹیکس چوری کا الزام ثابت

ہفتہ 30 جنوری 2016 13:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 جنوری۔2016ء) کسٹمز کے ماتحت ڈائریکٹوریٹ آف پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کراچی کے ایل ای ڈی لائٹس کی صفرشرح ڈیوٹی وٹیکسوں پرکلیئرنس کی نشاندہی کی رپورٹ متعلقہ ایڈجیوڈیکیشن کلکٹریٹ کوارسال کیے جانے کے بعد متعلقہ کلکٹریٹس متحرک ہو گئے۔ذرائع نے بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ نے ایل ای ڈی لائٹس کے 32 درآمدکنندگان کے خلاف کنٹراونشن رپورٹس متعلقہ ایڈجیوڈیکشن کلکٹریٹ کو ارسال کیں، کسٹمز ایڈجیوڈیکشن کلکٹریٹ نے ڈائریکٹوریٹ آف پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کسٹمزکراچی کی کنٹراونشن رپورٹ کی روشنی میں تحقیقات کی۔

جس میں درآمدکنندگان پر عائد کیے جانے والے الزامات کو درست قراردیاگیا،دوسری جانب اپریزمنٹ ایسٹ، ویسٹ اورپورٹ قاسم کلکٹریٹس پر ایل ای ڈی لائٹس کے کنسائمنٹس کی کلیئرنس پر قانون کے مطابق کسٹمز ڈیوٹی وٹیکسوں کی وصولیاں شروع کردی ہیں جن سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کے اضافی ٹیکسوں کی وصولیوں کا آغازہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ محکمہ کسٹمز کی اس سخت حکمت عملی کے باعث ایل ای ڈی لائٹس کے متعدد درآمد کنندگان کی جانب سے واجبات کی ادائیگیوں کی رفتاربھی تیز ہوگئی ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ ڈائریکٹوریٹ پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کسٹمز کراچی کی نشاندہی سے قبل د آمد کنندگان نے متبادل انرجی کے استعمال پر ڈیوٹی اورٹیکسوں کی رعایت کا غلط استعمال کرتے ہوئے کہ قومی خزانے کو20کروڑ33لاکھ کانقصان پہنچایا۔ڈائریکٹوریٹ پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کراچی نے ڈیٹاکی جانچ پڑتال کے دوران انکشاف کیا تھا کہ درآمدکنندگان کی جانب سے مختلف واٹ پینل کی ایس ایم ڈی /ایل ای ڈیز درآمد کیں اوران پر کسٹمزڈیوٹی، سیلز ٹیکس اورانکم ٹیکس کے قانون میں موجود رعایت غلط طریقے سے حاصل کیں اور کسٹمز ڈیوٹی، سیلز ٹیکس اورانکم ٹیکس ایکٹ میں موجودقوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دی گئی رعایت کا ناجائز فائدہ اٹھایا گیا تھا۔