صوبائی حکومت کی بلین ٹری سونامی پراجیکٹ سے سرسبزوشاداب اور صاف ستھرے خیبر پختونخواہ کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا جس کے اثرات آئندہ چند سالوں میں نظر آنے لگیں گے

خیبر پختونخواہ کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ کاتقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب

جمعہ 29 جنوری 2016 20:07

لوئر دیر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء) خیبر پختونخواہ کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی بلین ٹری سونامی پراجیکٹ سے سرسبزوشاداب اور صاف ستھرے خیبر پختونخواہ کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا جس کے اثرات آئندہ چند سالوں میں نظر آنے لگیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز ہائی سکول شمشی خان تالاش میں محکمہ جنگلات دیر لوئر کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں ڈویڑنل فاریسٹ آفیسر اصغر خان، سب ڈویڑنل فاریسٹ آفیسر محمد راشد، تیمرگرہ تحصیل ناظم محمد ریاض، تحصیل کونسلر عنایت الرحمان، محکمہ فاریسٹ کے اہلکاروں کے علاوہ کسانوں اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخواہ حکومت کی کوشش ہے کہ اپنے محدود وسائل کے اندر معاشرے میں مثبت تبدیلیاں لائیں اور ایسا نظام قائم کریں جہاں حقدار کو اپنا حق ملیں اور وہ کسی کا دست نگر نہ رہیں۔

انھوں نے کہا کہ وہ اختیارات اور اقتدارکی نچلی سطح پر منتقلی کا حامی ہے اور چاہتے ہیں کہ مقامی حکومتوں کے منتخب نمائندوں کو عوام کی خدمت کا موقع ملے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ69 سالہ سیاسی نظام میں تبدیلی راتوں رات نہیں لائی جا سکتی،اس میں تھوڑا وقت لگے گا۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے وزیر مشیر حکمران نہیں بلکہ عوام کے خادم ہیں اور عوام نے اْن پر جس اعتماد کا اظہار کہا ہے اس پر پورا اترنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انھوں نے کسانوں اور زمینداروں سے اپیل کی کہ وہ حکومت اور محکمہ جنگلات کی جاری شجرکاری مہم میں بھرپور تعاون کریں اور زیادہ سے زیادہ درختیں لگائیں تاکہ تمام بنجر زمینیں آباد اور سرسبزوشاداب ہو۔صوبائی وزیر نے موقع پر منتخب کسانوں میں پودہ جات کے بنڈل بھی تقسیم کئے۔ علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ سال رواں کی بجٹ میں کئی اہم منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے اور مختلف علاقوں کے لوگ آئندہ چند مہینوں میں خود اس کے اثرات دیکھیں گے۔

انھوں نے شمشی خان سکول میں آئی ٹی لیبارٹری اور لوڑہ تا چنارونوں روڈ کی پختگی کا اعلان بھی کیا۔ڈی ایف او اصغر خان نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سال ضلع دیر پائین کے اکتیس سائٹس اور چار ہزار ہیکٹئراراضی پر سال کے اختتام تک 93 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ اب تک ضلع میں تقریبا22 لاکھ پودے لگائے گئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ضلع میں تین سو نئی نرسریاں بھی لگائے جارہے ہیں اس سے لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی ملیں گے۔انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ہدایات پر قدرتی جنگلات کے تحفظ کیلئے دور رس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جبکہ نئے جنگلات کی حفاظت اور رکھوالی بھی محکمہ جنگلات کرے گی۔

متعلقہ عنوان :