تمام مسالک کے علما کو متحد کر کے انتہا پسندی اور دہشتگردی کے دشمن کو شکست دینگے،علامہ عزیزالحسن اعوان

جمعہ 29 جنوری 2016 19:47

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء ) منہاج القرآن علماء کونسل پنجاب کے نائب صدر علامہ عزیزالحسن اعوان نے کہاہے کہ تمام مسالک کے علما کو متحد کر کے انتہا پسندی اور دہشتگردی کے دشمن کو شکست دینگے۔ علماء کواتحاد کی لڑی میں پرونا ڈاکٹر طاہر القادری اور منہاج القرآن کا مشن ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے قرآن و سنت کی روشنی میں وقت کے خوارج اور دہشتگردوں کے چہروں سے نقاب الٹ دیا ہے ۔

ملت اسلامیہ کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ دین امن کی حفاظت اور اسلام کے پر امن پیغام کو عام کرنے کیلئے ضرب علم و امن مہم کا حصہ بنے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جامع مسجد قادریہ منصور آبادمیں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ قومی ایکشن پلان پر عمل نہ کرنے والے حکمران دہشتگردی کے واقعات کے دوران شہید ہونے والے شہریوں کی موت کے ذمہ دار ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاک فوج جدید اسلحہ کے ذریعے دہشت گردوں کے خلاف لڑیں گے جبکہ علمائے حق امن و محبت اور رواداری پر مبنی ڈاکٹر طاہر القادری کے نصاب امن کے ذریعے دہشتگردی کی فکر کے خلاف لڑیں گے تا کہ معاشرے میں امن ،محبت کی سوچ اور فکر کو عام کیا جا سکے ۔انہوں نے کہاکہ علماء کرام اختلافی پہلوؤں پر بحث کی بجائے اتفاق و اتحاد کے فائدوں پر غور کریں ۔حالات کا تقاضا ہے کہ تمام مسالک سے تعلق رکھنے والے علما مل بیٹھیں اور حالات کو بہتر کرنے کیلئے تجاویز دیں۔ملکی ترقی کیلئے مل کر آگے بڑھنے کے راستے تلاش کرنا ہو نگے ۔

متعلقہ عنوان :