سازش کے تحت کشمیری طالبعلموں کا مستقبل تاریک کیا جارہا ہے:تحریک حریت جموں وکشمیر

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 29 جنوری 2016 14:49

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 29 جنوری۔2015ء) مقبوضہ کشمیرمیں تحریک حریت جموں وکشمیر نے بھارتی پولیس اورقابض انتظامیہ کی انتقامی پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ ایک سازش کے تحت کشمیری طالبعلموں کا مستقبل تاریک کیا جارہا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحریک حریت جموں وکشمیر کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ انتظامیہ اور پولیس نے عوام کا جینا دو بھر کردیا ہے اور آزادی پسندوں کو چن چن کر ظلم و تشدداور انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایاجارہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ بھائی کے بدلے بھائی کو گرفتار کرکے بھارت کی خوشنودی حاصل کرکے طلباء کے تعلیمی مستقبل کو تاریک کیا جارہا ہے۔ انہوں نے شوپیاں کے علاقے پھلے گنہ پورہ سے تحریک حریت کے کارکن جاوید احمد کی گرفتاری کیلئے پولیس نے اسکے بھائی داؤد احمدکو گرفتار کرلیا ہے جو کہ ایک طالب علم ہے اور چھٹیوں پر گھر آیا ہوا تھا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پولیس اسے سیاسی انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے رہا نہیں کر رہی جس کی وجہ سے اس کی تعلیم کا حرج ہو رہا ہے ۔ترجمان نے کہاکہ پولیس کی انتقامی کارروائیوں سے کشمیری عوام میں عدمِ تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے فوری طورپر داؤد کی رہائی کا مطالبہ کیا تاکہ وہ دارلعلوم حیدر آباد میں اپنی تعلیم جاری رکھ سکے ۔