کراچی ، رضویہ سے اہم طالبان کمانڈر سمیت کالعدم تنظیم کے 6 دہشت گردگرفتار

جمعہ 29 جنوری 2016 11:43

کراچی ، رضویہ سے اہم طالبان کمانڈر سمیت کالعدم تنظیم کے 6 دہشت گردگرفتار

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء ) پولیس نے رضویہ سوسائٹی میں مقابلے کے بعد اہم طالبان کمانڈر سمیت کالعدم تنظیم کے 6 دہشت گردوں کو گرفتار کرنے اور ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس نے کراچی کے علاقے رضویہ سوسائٹی میں واقع مکان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا اور مکان کی تلاشی کے دوران اس میں چھپے دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی جس کے بعد پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

ایس ایس پی مقدس حیدر کے مطابق دہشت گردوں نے رضویہ سوسائٹی میں واقع مکان میں پناہ لے رکھی تھی جن کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی جہاں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے بعد 6 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جب کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا جسے فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی بھی ہوا ہے۔ ایس ایس پی کے مطابق گرفتار دہشت گردوں میں اہم طالبان کمانڈر بھی شامل ہے جب کہ ان کے قبضے سے کلاشنکوف، ٹی ٹی پستول اور ہینڈ گرینیڈ بھی برآمد ہوئے ہیں اور کارروائی کے دوران مکان سے 2 موٹرسائیکلیں بھی ملیں جن میں دھماکا خیز مواد نصب ہے۔ پولیس نے دھماکا خیز مواد کو ناکارہ بنانے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا۔

متعلقہ عنوان :