کراچی آپریشن سے متعلق آرمی چیف کا بیان عوامی امنگوں کی ترجمانی ہے، رینجرز کو اختیارات نہ دینے سے شہر قائد میں جاری آپریشن ادھورا رہ جائے گا

مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجرکابیان

جمعرات 28 جنوری 2016 21:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء ) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن سے متعلق آرمی چیف کا بیان عوامی امنگوں کے عین مطابق ہے۔ بعض عناصر کی طرف سے مختلف حلقوں اور میڈیا میں یہ تاثر پھیلایا جا رہا تھا کہ کراچی آپریشن رینجرز کے اختیارات میں توسیع نہ ملنے سے ادھورا رہ جائے گا لیکن اس سے پہلے وزیراعظم میاں نواز شریف نے اپنے پچھلے دورہ کراچی میں واضح کر دیا تھا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کراچی میں آپریشن جاری رہے گا اور اب آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے یہ کہہ کر کہ کراچی آپریشن کی تکمیل کے لئے وہ کسی حد تک بھی جا سکتے ہیں، وزیر اعظم کے عزم کی توثیق کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک گیر اقتصادی اور معاشرتی ترقی کراچی کے امن سے مشروط ہے، اگر کراچی مفلوج اور بدامنی کا شکار ہوگا تو پورا ملک اس سے متاثر ہو گا اور اگر کراچی پر سکون اور پر امن ہو گا تو پورے ملک کے عوام ترقی کے یکساں مواقع سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

(جاری ہے)

علی اکبر گجر نے کہا کہ ملک دشمنوں نے عالمی ایجنڈے کے تحت کراچی کا امن تہہ و بالا کر کے رکھ دیاتھا، حالات اس نہج پر پہنچ گئے تھے کہ اقتصادی ترقی کا پہیہ جام ہو کر رہ گیا لیکن قائد جمہوریت میاں نواز شریف نے 2013 ء کے انتخابات جیتتے ہی اپنی توجہ کراچی پر مرکوز کی اور اس کی روشنیاں اور رونقیں بحال کرنے کے لئے پولیس اور پیرا ملٹری فورس پاکستان رینجرز کے ذریعے آپریشن کا آغاز کیا جس کی وجہ سے حالات معمول پر آ گئے۔

لوگ دعوے کرتے رہیں کہ امن ان کی وجہ سے قائم ہوا لیکن یہ سب کو معلوم ہے کہ کراچی کی زندگی اعتدال پر لانے کا کریڈیٹ میاں نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف ،مسلم لیگ (ن) کی حکومت، پولیس اور رینجرز کو جاتا ہے۔ کراچی آپریشن ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت کا مشترکہ فیصلہ ہے اور اﷲ نے چاہا تو بہر صورت پایہ تکمیل تک پہنچے گا۔