محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے صوبے میں موسمی فلو (H1N1)کے پھیلاؤ کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے انتظامات مکمل کرلئے

جمعرات 28 جنوری 2016 20:02

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جنوری۔2016ء) محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے صوبے میں موسمی فلو (H1N1)کے پھیلاؤ کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے اورمتاثرہ افراد کے علاج معالجے کے لئے تمام انتظامات پہلے سے کررکھی ہے ۔محکمہ صحت کے ڈیزیز سرویلنس اینڈ رسپانس یونٹ(DSRU) گذشتہ سال نومبر کے مہینے سے مسلسل اس وائرس کی سرویلنس میں مصروف ہے۔ پشاورکے تینوں تدریسی ہسپتالوں کے علاوہ باچاخان میڈیکل کمپلیکس صوابی کواس بیماری کے علاج کے لئے ادویات اورحفاظتی کیٹس فراہم کی گئی ہیں جبکہ عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے ڈاکٹروں ،نرسز اورپیر امیڈکس عملے کیلئے آگہی مہم بھی چلائی گئی ہے۔

تمام ڈی ایچ اوز اورضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کو اس بیماری سے متاثرہ لوگوں کی علاج معالجے اوراس کے پھیلاؤ کے تدارک کے لئے ضروری گائیڈ لائنزبھی دئیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس وائرس سے متعلق عوام الناس کی آگہی کے لئے بھی میڈیا کے توسط سے مہم چلائی جارہی ہے۔ محکمہ صحت کے متعلقہ حکام کاکہنا ہے کہ اس وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج و معالجے کے لئے ان کے پاس ادویات کی مناسب مقدار موجود ہے۔

محکمہ صحت میں قائم DSRU کے اعداد وشمار کے مطابق گذشتہ سال نومبر کے مہینے سے اب تک صوبے میں مجموعی طورپر موسمی فلو کے 128 مشتبہ کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے صرف 39 افراد میں اس وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے اب تک صرف دو افراد جان بحق ہوئے ہیں۔ پورے صوبے میں صرف ضلع پشاو اورصوابی میں موسمی فلو کے کیسز سامنے آئے ہیں۔اس فلو کے تصدیق شدہ 39 کیسز میں سے 11 کاتعلق پشاور سے جبکہ باقی 28 کاتعلق صوابی سے ہے۔

متعلقہ عنوان :