سیالکوٹ کے ٹیچروں کا پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعرات 28 جنوری 2016 19:59

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29 جنوری۔2016ء) سرکاری سکولوں کو پیف کے حوالے کرنے ،ٹیچرز کو سزائیں دینے، پیک کے ناقص امتحانی نظام کے خلاف اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے قیام کیخلاف سیالکوٹ میں سینکڑوں مردوخواتین ٹیچروں نے سیالکوٹ پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ہے اورحکومت سے ہوش کے ناخن لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ پنجاب ٹیچرز یونین ،ہیڈ ماسٹر ایسوسی ایشن ہائی سکولز ،ہیڈ ماسٹر ایسوسی ایشن ایلمنٹری سکولز،ایس ای ایس ایسوسی ایشن ،انگلش ٹیچرز یونین ،انجمن اساتذہ کے تحت اساتذہ پیدل چلتے ہوئے سیالکوٹ پریس کلب کے باہر پہنچے تھے ۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھار کھے تھے جن پر اپنے مطالبات درج تھے ۔ احتجاج کرنے والوں نے نعرے بازی کرتے ہوئے حکومت سے مطالبات منظور کرنے اوراساتذہ کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا نوٹس لے کر انہیں ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

خطاب کرتے ہوئے پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و نشریات محمد امتیاز طاہر اوردیگر مقررین کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر کے اساتذہ اپنے حقوق کے لئے متحد ہو چکے ہیں وہ اپنے حقوق کی خاطر کسی بھی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد جاری رہے گی ۔مظاہرہ میں شامل مردوخواتین اساتذہ نے اعلان کیا کہ مطالبات منظور ہونے تک احتجاج جاری رہے گا ۔

متعلقہ عنوان :