پاکستانی دنیا کی مخیر ترین قوموں میں شمار کیے جاتے ہیں،ندیم اقبال

جمعرات 28 جنوری 2016 13:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جنوری۔2016ء) فاران کلب کے جنرل سیکرٹری ندیم اقبال نے کہا ہے کہ پاکستانی دنیا کی مخیر ترین قوموں میں شمار کئے جاتے ہیں۔ ایسے میں ذمہ دار میڈیا کا فرض بنتا ہے کہ عوام کو بے سوچے سمجھے دی جانے والی خیرات کے ممکنہ تباہ کن نتائج سے آگاہ کرے اور انہیں اصل حقدار کی پہچان میں مدد دے۔کیونکہ عین ممکن ہے کہ کچھ بظاہرمعصوم دکھنے والے عناصرانسانیت کے نام پر لی گئی یہ رقوم اپنی شرپسندانہ اور ملک دشمن کاروائیوں میں استعمال کر رہے ہوں۔

ان خیالات کا اظہارفاران کلب کے جنرل سیکرٹری ندیم اقبال، ممتاز صحافی اور میڈیا کنسلٹنٹ سلیم مغل نے قومی داخلی سیکیورٹی پالیسی کے تناظر میں وزارتِ اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ کے زیرِاہتمام محفوظ عطیات کی ادائیگی سے متعلق آگاہی سیمینارمیں کیا۔

(جاری ہے)

فاران کلب میں ہونے والے اس سیمینارمیں ؛؛ حق حقدار تک؛؛ کی مہم کے نگران مائما کام کے سی ای او نبیل امتیازنے حق حقدارتک کی مہم کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فاران کلب کے جنرل سیکرٹری ندیم اقبال نے حکومتی مہم کو سراہا اوراپنے گردو نواح میں موجوداصل مستحقین کی نشاندہی پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام خداخوفی کے جذبے سے سرشار ہیں اورہر مشکل گھڑی میں دل کھول کر عطیات دیتے ہیں لیکن موجودہ حالات کے پیش نظر ضروری ہے کہ خیرات کرتے وقت بھی اسی سوجھ بوجھ اور ہوشیاری سے کام لیا جائے جو کاروباری لین دین کے وقت دیکھنے میں آتی ہے۔

اس تقریب میں فاران کلب کے ممبر تاجران اور دیگر نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا بھرپور اظہار کیا۔ اس بات پر عمومی اتفاق کیا گیا کہ کوئی بھی پاکستانی دانستہ طور پر انتہا پسند تنظیموں کوپروان نہیں چڑھانا چاہتا تاہم زکوٰة،صدقہ یا خیرات کی ادائیگی کرتے وقت احتیاط سے کام لیا جائے تو قوم کو درپیش دہشت گردی کے خطرات کا کافی حد تک مقابلہ ممکن ہے۔

شرکاء نے اس امر کی تائید کی کہ عطیات کا بہترین استعمال صحت،خوراک، یتیم پروری، تعلیم، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور دیگر بنیادی سہولیات کی مد میں کیا جانا چاہئیے۔ علاوہ ازیں عطیات وصول کرنے والے اداروں کے دائرہ کار اور سماجی بہبود کے دعووں کاباریک بینی سے جائزہ لیا جانا چاہئیے۔ شرکا نے اس آگاہی کو عوام تک پہنچانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے ضمن میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :