جڑواں بچوں کی سرزمین

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعرات 28 جنوری 2016 12:31

جڑواں بچوں کی سرزمین

یوکرائن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28جنوری2016ء)یوکرائن کے ایک گاؤں کو جڑواں لوگوں کی سرزمین کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ اس گاؤں میں 122 زندہ جڑواں موجود ہیں۔ یوکرائن کے جنوب مشرقی علاقےزاکاپاٹیا اوبلاسٹ کے گاؤں ویلیکایا کوپانیا کی آبادی صرف 4000نفوس پر مشتمل ہے جبکہ ان میں سے 122 جڑواں ہیں ۔61 جڑواں جوڑؤں کے ساتھ یہ گاؤں یوکرین کی ریکارڈ بک میں تو جگہ بنا چکا ہے اور شاید گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی اپنی جگہ بنا لے۔

(جاری ہے)

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس گاؤں میں جڑواں پیدا ہونے والے بچوں کی تعداد پورے ملک میں سب سے زیادہ ہے۔ مقامی کونسلر ماریانا ساواکا کا کہنا ہے کہ جڑواں بچوں کی تعداد میں 2004 سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ تب سے ہر سال دو تین جوڑے جڑواں بچوں کے پیدا ہوتےہیں۔ مقامی افراد کا ماننا ہے کہ جڑواں بچوں کے پیدا ہونے کی سب سے بڑی وجہ ان کے گاؤں کا پانی ہے ، جس میں صحت کے لیے کئی فوائد ہیں۔ اس گاؤں میں صرف انسانوں کے جڑواں بچے ہی پیدا نہیں ہوتے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہاں گائے کے جڑواں بچوں کی شرح پیدائش بھی ملک کے دیگر حصوں سے زیادہ ہے۔