جہلم:تخریب کاری کا منصوبہ ناکام،دہشت گرد نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا

مشتبہ شخص ڈومیلی موڑ کے قریب ٹریک پر بم نصب کررہا تھا ،اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی

جمعرات 28 جنوری 2016 12:18

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 جنوری۔2016ء) جہلم میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیاگیا، ڈومیلی موڑ کے قریب ریلوے ٹریک پر ایک مشتبہ شخص نے خود کو دھماکے سے اڑالیا،پولیس ذرائع کے مطابق ایک شہری نے موٹر وے پولیس کو اطلاع دی کہ ایک مشتبہ شخص ریلوے ٹریک پر بم نصب کررہا ہے،جب پولیس موقع پر پہنچی تو مذکورہ شخص نے بھاگنے کی کوشش کی اور پولیس مقابلے میں کافی دیر تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس کے بعد دہشت گرد نے جسم کے ساتھ باندھے دھماکے خیز مواد سے خود کو اڑا لیا ،واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔

(جاری ہے)

بم ڈسپوزل سکواڈ اور ریسکیو ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں،واقعہ کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ،دہشت گردی کی واردات کی اطلاع ریلوے حکام کودے دی گئی ہے جہلم ٹریک پر آنے والی ٹرینوں کو روک دیا گیاہے۔پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گرد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ،علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :