آرمی چیف کی جانب سے بروقت ریٹائرمنٹ کا اعلان خوش آئند ، فوج ،آرمی چیف کی عزت ، وقار میں اضافہ ہوگا،لیاقت بلوچ

کرپٹ افراد کی سرپرستی ،تحفظ دینے کیلئے قانون سازی کی بجائے قانون کی گرفت کی جائے،عناصر کوپارٹیوں سے باہر نکالنا چاہئے، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

بدھ 27 جنوری 2016 21:27

ہالا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جنوری۔2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی جانب سے بروقت رٹائرمنٹ کا اعلان خوش آئند اور اس سے خود فوج اور آرمی چیف کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوگا۔ سود، کرپشن، رشوت اور اقرباپروری ایک ناسور کی شکل اختیار کرگئی ہے جس نے ملک کے ہرادارے کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے، ملک وقوم کی بہتری کیلئے اس سے نجات ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مخدوم ہاؤس ہالا میں امین فہیم کی وفات پر مرحوم کے بھائی ونومنتخب رکن قومی اسمبلی مخدوم سعیدالزمان سے اظہار تعزیت کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری ممتاز حسین سہتو، نائب قیمین عبدالوحید قریشی، عبدالحفیظ بجارانی، ضلع مٹیاری کے امیر حافظ لطف اﷲ بھٹو اور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ چارسدہ میں باچا خان یونیورستی پر دہشتگردوں کا حملہ حکومت اور سیکورٹی اداروں کی غفلت کا نتیجہ ہے، اس طرح کے افسوس ناک واقعات کے سدباب کیلئے پورے ملک میں نیشنل سیکورٹی پلان پر عمل درآمد کرکے قوم کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کے نام پر ملک وجمہوریت کو سب سے زیادہ نقصان سیاسی پارٹیوں نے دیا ہے، کرپٹ افراد کی سرپرستی اور انہیں تحفظ دینے کیلئے قانون سازی کی بجائے قانون کی گرفت اور ایسے عناصر کوپارٹیوں سے باہر نکالنا چاہئے۔گذشتہ 08سالوں سے سندھ میں برسراقتدار پیپلزپارٹی کی اولین ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ سندھ کے عوام کے جان ومال کے تحفظ کے ساتھ روزگار سمیت صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرے۔