حکومت پی آئی اے کی نجکاری پر تلی ہوئی ہے، اس اقدام سے ہزاروں ملازمین بے روزگار ہو جائیں گے‘سراج الحق

ایسا پاکستان تشکیل دینگے جس میں حلال کمانا آسان ہو ،غریبوں، محروموں کی مفت تعلیم ، صحت کا بندوبست ہو ، ریاست عوام کی ضروریات پوری کرے ،توبہ واستغفار سے ہمارے تمام مسائل ومشکلات حل ہوسکتے ہیں ‘امیر جماعت اسلامی

بدھ 27 جنوری 2016 21:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جنوری۔2016ء ) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اداروں کی خصوصاً پی آئی اے کی نج کاری کے خلاف ملازمین میں بے چینی پائی جاتی ہے ، آج سے پی آئی اے کے کئی دفاتربھی پی آئی اے ملازمین نے بند کر دیے ہیں، حکومت پی آئی اے کی نج کاری پر تلی ہوئی ہے، حکومت کے اس اقدام سے ہزاروں ملازمین بے روزگار ہو جائیں گے اور ہزاروں خاندان اس سے متاثر ہوں گے، حکومت اس ظالمانہ اقدام سے باز رہے، ہم اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانا چاہتے ہیں جس سے کرپشن کا خاتمہ ہو گا اور عوام کے مسائل بھی حل ہوں گے ، ہم ایسا پاکستان تشکیل دیں گے جس میں حلال کمانا آسان ہو ،غریبوں اور محروموں کے مفت تعلیم اور صحت کا بندوبست ہو اور ریاست عوام کی ضروریات پوری کرے ،جماعت اسلامی اقامت دین کے لیے کوشاں ہے اور عوام کو دین کی دعوت دے رہی ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسجد اقصیٰ گلشن اقبال میں جماعت اسلامی ضلع شرقی کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت آئی ایم ایف سے قرض پہ قرض لیے چلی جارہی ہے اور اس کے بدلے میں آئی ایم ایف کڑی شرائط ہم پر مسلط کررہاہے ۔پی آئی اے اور دوسرے اداروں کی نج کاری کے لیے بھی آئی ایم ایف کا دباؤ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکمران ذاتی مفادات پر قومی مفادات کوقربان کر رہے ہیں ۔

ملک کے غریب عوام کا اسے کوئی احساس نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی غلط پالیسی کی وجہ سے عوام اور ملازمین میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے ۔ کرپشن کا بازار گرم ہے ۔ ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل کی رپورٹ بھی انتہائی شرمناک ہے اس کے مطابق کرپشن میں پاکستان کا 53 واں نمبر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کرپشن کو کنٹرول کرنے کے لیے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں ہورہی ۔

ملک کے وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہاہے اور قومی دولت بیرونی بنکوں میں جمع کرائی جاتی ہے اگر پاکستان کے اربوں ڈالر بیرونی بنکوں سے وطن واپس لائے جائیں تو ہمارے تمام قرضے بھی اتر سکتے ہیں اور پاکستان میں خوشحالی بھی آسکتی ہے ۔سراج الحق نے کہا کہ ہم اقامت دین کا کام کررہے ہیں ۔ہماری محبت کا مرکز نبی اکرم ؐ کی ذات گرامی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آپس میں محبت و اخوت جماعت کا خاصہ ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم دین کی دعوت کا کام اپنے گھروں میں بھی مربوط انداز میں کریں ،گھروں کو دعوتی یونٹ بنائیں ۔

انہوں نے کہا کہ توبہ کا دروازہ ہر وقت کھلا ہے ۔توبہ واستغفار سے ہمارے تمام مسائل ومشکلات حل ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی اساس کلمہ طیبہ کی بنیاد پر ہے ،جماعت اسلامی کی دعوت گھرگھرعام کرنے کی ضرورت ہے ،اﷲ کی کبریائی اور شریعت محمدی ؐ کے نفاد تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مغربی کلچر نے والدین کوبچوں کی محبت اور بچوں کو والدین کی شفقت سے محروم کیا ہے۔

اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امراء اسد اﷲ بھٹو ، راشد نسیم ، ڈپٹی سکریٹری محمد اصغر، سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ،نائب امیر محمد حسین محنتی ،کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نائب امراء برجیس احمد، مسلم پرویز ڈاکٹر اسامہ رضی ، سکریٹری عبد الوہاب ، ضلع شرقی کے امیر یونس بارائی ، سکریٹری نعیم اختراور دیگر بھی موجود تھے۔