شورکورٹ میں بوائلر پھٹنے سے 10 مزدور وں کے قتل کا مقدمہ درج کیا جائے‘موجودہ حکمرانوں کو مزدوروں کی نہیں بلکہ سرمایہ داروں کی فکر ہے‘پیپلزلیبر بیورو فیصل آباد ڈویژن

بدھ 27 جنوری 2016 20:24

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جنوری۔2016ء ) شورکوٹ کینٹ روڈ پر شوگر ملز کا بوائلر پھٹنے سے دس مزدور شہید ہوگئے جو ملز مالکان ، محکمہ صحت اور وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے۔ لہٰذا ان کے قتل کا مقدمہ ذمہ دار ملز انتظامیہ ، محکمہ محنت اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خلاف درج کیا جانا چاہیے ۔

ان خیالات کاا ظہار پیپلزلیبر بیورو فیصل آباد ڈویژن کے جنرل سیکرٹری لال حسین راشد، صدر رانانصیر احمد ، نائب صدر ارشد ندیم ، سیکرٹری اطلاعات محمد طاہر شیخ ، صدر جھنگ نوابزادہ محمد طفیل شاہد انصاری جنرل سیکرٹری شفقت رسول ، خادم حسین انصاری اور پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر فیصل آباد ڈویژن کے کواڈینیٹر چوہدری خادم حسین نے اپنے ایک مشترکہ اخباری بیان کے ذریعے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اگر وزیراعلیٰ نے لیبر انسپکٹروں کی انسپکشن پر پابندی عائد نہ کی ہوئی ہوتی تو یہ دل خراش واقع رونما نہ ہوتا ۔ موجودہ حکمرانوں کو تو صرف اورصرف اپنے طبقہ سرمایہ داروں کی فکر ہے۔ وہ مزدوروں کی پرواہ نہیں کررہے ۔ مزدور بے شک سارے مارے جائیں ان کا اقتدار قائم رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مزدور طبقہ پس رہا ہے اور سرمایہ دار کھلے عام غریبوں ، مزدوروں کا استحصال کررہے ہیں۔ انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں آخر میں انہوں نے شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ شہید مزدوروں کو فی کس ایک کروڑ روپے معاوضہ ادا کریں۔ نیز لیبر انسپکٹروں کا انسپکشن کا حق بحال کریں۔

متعلقہ عنوان :