پشاور‘ سکیورٹی فورسز اور حساس اداروں نے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا‘گوداموں پر چھاپہ مار کر مہلک غیرملکی ساختہ ملٹری گریڈ اسلحہ برآمد ‘ایک ہزارسے زائد خودکار ہتھیاروں میں روسی ساختہ رائفلز اور سنائپر ٹیلی سکوپ بھی شامل

بدھ 27 جنوری 2016 20:12

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جنوری۔2016ء) پشاور سکیورٹی فورسز اور حساس اداروں نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔ پشاور میں گوداموں پر چھاپہ مار کر مہلک غیرملکی ساختہ ملٹری گریڈ اسلحہ برآمد کرلیا۔ ایک ہزارسے زائد خودکار ہتھیاروں میں روسی ساختہ رائفلز اور سنائپر ٹیلی سکوپ بھی شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا، قبائلی علاقوں اور ملک کے دیگر حصوں میں دہشت گردوں تک پہنچایا جانا والا اسلحہ سکیورٹی فورسز نے پکڑ لیا۔

حساس اداروں اور سکیورٹی فورسز نے پشاور کے جی ٹی روڈ پر گوداموں پر چھاپہ مارا۔ خفیہ گوداموں پر چھاپوں کے دوران ایک ہزار سے زائد مختلف بور کے خودکار ہتھیار برآمد ہوئے۔برآمد ہونے والے اسلحہ میں غیرملکی ساختہ 5.56 ایم ایم آٹومیٹک ایم فور رائفلز، 5.56 ایم ایم آٹومیٹک ایم فور ملٹری گریڈ غیرملکی ساختہ رائفلز، روسی ساختہ 5.45 ایم ایم آٹومیٹک رائفلز اور مختلف اقسام کی غیرملکی ساختہ سنائپرز ٹیلی سکوپ ساختہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پکڑے جانے والا اسلحہ مختلف ممالک کی افواج اور خصوصی دستے استعمال کرتے ہیں۔ سکیورٹی حکام کے مطابق حالیہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھی اسی طرح کا اسلحہ استعمال ہوا ہے۔ پکڑا جانے والا اسلحہ دہشت گردی پھیلانے کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔