سندھی ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ کے وفد کی آئی جی سندھ سے ملاقات

صوبائی سطح پر کمیونٹی پولیسنگ اقدامات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا

بدھ 27 جنوری 2016 19:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جنوری۔2016ء) آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی سے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں سندھی ایسوسی ایشن آف نارتھ امریکہ کے دو رکنی وفد نے ملاقات کی اور صوبائی سطح پر کمیونٹی پولیسنگ اقدامات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے ۔وفد کو بتایا گیا کہ سندھ میں مختلف تھانوں کی سطح پر کمیونٹی پولیس کے فروغ کے لئے پولیس عملا اقدامات کررہی ہے اور چند تھانوں میں یہ پروجیکٹ کامیابی سے جاری ہے اور متعلقہ کمیونٹی اس سے بھرپور استفادہ کررہی ہے ۔

تاہم پروجیکٹ کو تمام تھانوں تک وسعت دینے اور مذید تقویت کے ضمن میں پولیس ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے جسکا مقصد عوام دوست ماحول میں جرائم کی بیخ کنی اور کمیونٹی کے مسائل حل کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ نے اس موقع پر کہا کہ تھانہ جات کے لحاظ سے ایسے پروجیکٹ کا آغاز ذیر غور ہے جس کے تحت علاقہ معززین / معروف شخصیات کی شمولیت اور معاونت سے عوام کے مسائل باہمی رضا مشاورت سے حل کرلئے جائیں اور اسی تسلسل میں پولیس ہیلپ لائن مددگار 15 کے جملہ امور کو تقویت بھی دی جارہی ہے ۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ جرائم اور مسائل کے ادراک اور کمیونٹی کی شمولیت سے ہر ممکن انسداد اور حل کے حوالے سے مذکورہ پروجیکٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس سے ناصرف پولیس اپنے اختیارات درست سمت میں استعمال کریگی بلکہ ایک عوام دوست فورس کے طور پر اپنے تمام تر اقدامات میں مفاد عامہ ، چادر اور چار دیواری کے تقدس کا خیال بھی کریگی ۔ انہوں نے مذید کہا کہ محکمہ پولیس میں تطہیری عمل کا تسلسل جاری ہے اور اختیارات سے تجاوز کرنیوالے و دیگر منفی سوچ کے حامل افسران و اہلکاروں کے خلاف کاروائی کو یقینی بنیا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے حوالے سے پولیس ہر ممکن اقدامات کررہی ہے جسکے نتیجے میں صوبے میں اغوا برائے تاوان کے جرائم تقریبا ختم ہں وگئے ہیں جبکہ ٹارگٹ کلنگز اور بھتہ خوری جیسے واقعات میں بھی نمایاں حد تک کمی واقع ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کے غیر معمولی سیکورٹی اقدامات کے باعث حالات میں باالعموم بہتری آئی ہے ۔

اس موقع پر آئی جی سندھ نے بتایا کہ بم کی ڈی فیوزنگ یا نصب کردہ بموں کو ناکارہ کرنے کے لئے روبوٹ جبکہ اسلحہ اسمگلنگ اور اسکی نقل و حرکت کی روک تھام کے لئے داخلی اور خارجی راستوں پراسکینرز کی تنصیب کے حوالے سے باقاعدہ سفارشات بھی تیار کی جارہی ہیں۔وفد نے سندھ پولیس کی جانب سے مفاد عامہ اور قیام امن کے سلسلے میں کئے جانیوالے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی

متعلقہ عنوان :