میری ٹائم سیکورٹی کے ساتھ باہمی تعلقات فروغ دیں گے، ہاکان اوستم

ترکی کوسٹ گارڈ کے وفد کا میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کا دورہ، مزار قائد پر حاضری

بدھ 27 جنوری 2016 18:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جنوری۔2016ء) ترکش کوسٹ گارڈ کے وفد نے ڈائریکٹر جنرل ہاکان اوستم کی قیادت میں پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی ریئر ایڈمرل جمیل اختر نے وفد کو آمد پر خوش آمدید کہا اور وفد کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر سیمینار کا بھی اہتمام کیا گیا اور مختلف ایم او یوز پر دستخط کئے گئے۔

قبل ازیں وفد نے مزار قائد پر حاضری دی اور میوزیم کا دورہ کیا۔ بعدازاں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ترکی کوسٹ گارڈ ہاکان اوستم نے کہا کہ پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے ساتھ باہمی تعلقات کو فروغ دیں گے۔ سمندری معاملات، سیکورٹی اور انفارمیشن کے تبادلے کو فروغ دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل ریئر ایڈمرل جمیل اختر نے کہا کہ وفود کے تبادلے کو مزید بڑھائیں گے اور باہمی تعاون کو بھی فروغ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی سمندری انفارمیشن کے معاملات کو مزید بہتر بنائے گے۔ اس موقع پر ترکش کوسٹ گارڈ کے ڈائریکٹر جنرل نے پی ایم ایس اے کے ہم منصب کو تجویز پیش کی کہ باہمی تعلقات کو فروغ اور وفود کے تبادلوں کو بہتر بنانے کیلئے ایک سال پاکستان کا وفد ، اور دوسرے سال ترکش وفد دونوں ممالک کا دورہ کریں، جس پر ریئر ایڈمرل جمیل اختر نے رضا مندی ظاہر کی اور تجویز کو سراہا۔

آخر میں میزبان نے ترکش مہمان کو خصوصی شیلڈ پیش کی۔ واضح رہے کہ ترکش کوسٹ گارڈ کا 6 رکنی وفد ، پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کی دعوت پر پاکستان روزہ دورہ پر ہے، وفد نے دوروز قبل نیول ہیڈ کواٹر اسلام آباد میں نیول چیف ایڈمرل زکاء اﷲ سے ملاقات کی، اس موقع پر سیکریٹری دفاع لیفٹنٹ جنرل (ر) ایم عالم خان خٹک بھی موجود تھے۔