ایرانی صدرفرانس پہنچ گئے،114طیاروں کی خریداری کا معاہدہ

حسن روحانی آج فرانسیسی ہم منصب سے ملاقات،مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے

بدھ 27 جنوری 2016 18:27

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جنوری۔2016ء)ایرانی صدر حسن روحانی یورپی ریاست اٹلی میں کئی بلین ڈالر مالیت کے درجنوں معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے بعد بدھ کو فرانس پہنچ گئے جہاں وہ مزید کاروباری معاہدوں پر دستخط کریں گے،میڈیارپورٹس کے مطابق حسن روحانی اپنے فرانس کے دورے میں ایرانی مسافر بردار طیاروں کی پرانی ہوتی ہوئی فلِیٹ میں بہتری کے لیے ایئر بس کے 114 طیاروں کی خریداری سے متعلق ایک اہم معاہدے کو حتمی شکل دیں گے،اس کے علاوہ موٹر گاڑیاں بنانے والی فرانسیسی کمپنیوں پیجو اور رینالٹ کے ساتھ بھی ڈیلز متوقع ہیں،ایران کے متنازعہ جوہری پروگرام کے تناظر میں عائد کردہ مغربی پابندیوں کے حالیہ خاتمے کے بعد ان دنوں تہران حکومت بین الاقوامی سطح پر دوبارہ اپنا مقام بنانے کی کوششوں میں ہے،یہی وجہ ہے کہ ایرانی صدر متعدد وزرا، اعلی اہلکاروں اور کاروباری افراد کے تقریبا ایک سو ارکان پر مشتمل ایک مضبوط وفد کے ہمراہ یورپی ریاستوں کا دورہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کی اپنے فرانسیسی ہم منصب فرانسوا اولانڈ کے ساتھ ملاقات جمعرات کے دن طے ہے۔ بعد ازاں دونوں صدور ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے،ایرانی صدر فرانس کے کاروباری شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ اپنی ملاقاتوں میں کئی معاہدوں کو حتمی شکل دیں گے۔