پاکستانی یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات کاجاپان کے دورہ کے موقع پر پاکستانی سفارت خانہ کا دورہ

بدھ 27 جنوری 2016 18:26

ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جنوری۔2016ء)پاکستان کی اعلیٰ یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات نے ایکسچینج پروگرام کے تحت جاپان کے دورہ کے موقع پر منگل کو ٹوکیو میں پاکستانی سفارت خانہ کا دورہ کیا۔ پاکستانی طلبہ نے جاپان کے دورہ کے دوران اپنے تجربات خصوصاً جاپانی خاندانوں اور عوام کے ساتھ روابط کو انتہائی مثبت قرار دیا ۔

ٹوکیو میں پاکستانی سفارت خانہ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق پاکستانی جامعات کے طلباء و طالبات نے سفارت خانے کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان کے سفیر فرخ عامل نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے جاپان میں ہائر ایجوکیشن کمیشن خصوصاً سائنس و ٹیکنالوجی اور مینجمنٹ سائنس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستانی جامعات کے طلباء و طالبات کے لئے یہ اہم موقع ہے کہ وہ جاپان کی ترقی کے بارے میں بھرپور معلومات اور علم حاصل کریں۔ پاکستانی طلبہ کے دورہ جاپان کا اہتمام جاپان ۔ ایسٹ ایشیاء نیٹ ورک ایکسچینج پروگرام 2015ء کے تحت کیا گیا تھا۔ قبل ازیں پاکستانی سفیر نے ایک ورکشاپ میں بھی شرکت کی جس میں سارک ممالک کے تقریباً 100 طلبہ نے شرکت کی۔