شاہکوٹ ،سردی کی شدت میں اضافہ، شہریوں کی مشکلات بڑھ گئیں

بدھ 27 جنوری 2016 16:52

شاہکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 جنوری۔2016ء)سردی کی شدت نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دیں، خشک سردی اور یخ بستہ ہواؤں کے باعث لوگوں میں بیماریاں تیزی سے پھیلنے لگیں، جانور بھی سردی کا شکار ہوکر بیمار پڑنے لگے، بڑھتی ہوئی بیماریوں کیوجہ سے ہسپتالوں کی رونق میں دن دوگنا رات چوگنا اضافہ ہو گیا، بڑی تعداد میں بچے نمونیا، فلو، بخار اور کھانسی کے امراض میں مبتلا ، تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کے اعلان پر والدین نے سکھ کا سانس لیا، تفصیل کیمطابق شاہکوٹ شہر اور گردونواح میں خون جما دینے والی شدید سردی، یخ بستہ ہواؤں اور اندھا دھند پڑنے والی دھند نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، خشک سردی کے باعث بیماریاں بڑھنے سے ہسپتالوں اور کلینکس پر رش بڑھ گیا ہے، بڑی تعداد میں بچے ،بوڑھے، جوان اور خواتین ہسپتالوں اور کلینکس کیطرف رخ کر رہی ہیں، خون جماتی خشک سردی کے باعث نزلہ، زکام، نمونیا، کھانسی، دمہ کے امراض نے بڑی تیزی سے لوگوں کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے جبکہ بخار کا وائرس بھی اوور سپیڈ نظر آ رہا ہے، بڑھتی ہوئی بیماریوں اور طوفانی سردی کے باعث تعلیمی اداروں میں حاضری نہ ہونے کے برابر رہ گئی تھی جس پر محکمہ تعلیم نے تعلیمی اداروں میں 31 جنوری تک چھٹیوں کا اعلان کیا تو والدین اور طلباء کی جان میں جان آئی ہے، ماہر صحت ڈاکٹر محمد اعجاز اللہ نے کہا ہے کہ سخت سردی کے اثرات سے بچاؤ کیلئے والدین بچوں کو گرم کپڑے پہنائیں اور کوشش کریں کہ بچے زیادہ ٹائم گھر میں ہی رہیں جبکہ بوڑھے حضرات دھند کے دوران گھروں سے باہر مت نکلیں اور پینے کیلئے نیم گرم پانی استعمال کریں اگر بلڈ پریشر نہیں ہے تو مچھلی کا شوربا اور ڈرائی فروٹ کھائیں، جن بزرگوں کو دمہ کی شکایت ہے وہ گیس ہیٹر استعمال نہ کریں اور سردی سے بچاؤ کیلئے گرم کپڑوں کا استعمال کریں۔