یمن ‘ ایران نواز حوثی باغیوں اور حلیف منحرف سابق صدر کی ملیشیا کی سعودی عرب میں داخل ہونے کی کوشش

بدھ 27 جنوری 2016 13:20

جازان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 جنوری۔2016ء) یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں اور ان کے حلیف منحرف سابق صدر علی عبداللہ صالح کی ماتحت ملیشیا نے اپنی فوجی گاڑیوں کے ہمراہ سعودی عرب میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم سعودی بارڈر فورسز اور عرب ممالک پر مشتمل اتحادی فوج نے مشترکہ جوابی کارروائی میں دشمن کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دشمن کو پسپا کر دیا ۔

عرب ٹی وی کے مطابق حوثی باغیوں اور علی صالح ملیشیا کے جنگجوؤں نے سعودی عرب کے اندر راکٹ داغے اور ساتھ ہی انہوں نے سرحد عبور کر کے مملکت کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی مگر بارڈر فورس اور اتحادی طیاروں کی جوابی کارروائی میں دشمن کو فرار ہونا پڑا ۔سعودی عرب کے ”اپاچی“ جنگی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے مملکت کے ساحلی شہر جازان سے متصل حوثیوں کے فوجی اڈوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں ان کے کئی ٹھکانے تباہ ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

بمباری سے باغیوں کے راکٹ داغے جانے کے متعدد اڈے اور لانچنگ پیڈ بھی تباہ کر دئیے گئے ۔ذرائع کے مطابق سرحد پار سے حوثی باغیوں کی سعودی عرب میں مداخلت کی چوبیس گھنٹے مکمل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ مانیٹرنگ میں عرب اتحادی فوج کے جاسوس طیارے بھی بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔سعودی فوج نے یمن کی سرحد کے اندر حوثیوں کی جانب سے نصب کردہ ہزاروں بارودی سرنگوں کو بھی ناکارہ بنا دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :