اسرائیلی وزارت دفاع نے مقبوضہ مغربی کنارے میں 153 نئے ہاؤسنگ یونٹس تعمیر کرنے کی اجازت دے دی

بدھ 27 جنوری 2016 11:54

مقبوضہ بیت المقدس ۔ 27 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 جنوری۔2016ء) اسرائیلی وزارت دفاع نے مقبوضہ مغربی کنارے میں واقع یہودی بستیوں میں 153 نئے ہاؤسنگ یونٹس تعمیر کرنے کی اجازت دے دی ہے۔اسرائیلی آبادکاری پر نظر رکھنے والی تنظیم "پیس ناؤ" کی ترجمان ہاجیت اوفران کا کہناہے کہ یہ منصوبہ پچھلے ہفتے اسرائیل کی وزارت دفاع سے منظور کروا لیا گیا تھا اور اس میں مغربی کنارے کے علاقے ارییل، الخلیل میں قائم الکرمل اور غوش عتصیون یہودی بستیوں میں تعمیر کی اجازت دی گئی ہیجہاں153 نئے ہاؤسنگ یونٹس تعمیرکیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

'پیس ناؤ' نے اس سے قبل کہا تھا کہ اسرائیل مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی آبادکاروں کے لئے نئے گھروں کی تعمیر کے منصوبے بنا رہا ہے۔'پیس ناؤ' نے اسرائیلی وزارت ہاوٴسنگ سے اہم دستاویزات حاصل کی ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ تل ابیب حکومت دریائے اردن کے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے میں یہودی آباد کاروں کو بسانے کے لیے چھوٹی کالونیوں کے بجائے دو نئے شہر آباد کرنا چاہتی ہے جن میں 55 ہزار 548 مکانات کی تعمیر کی اسکیم تیار کی گئی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان میں سے 8300 مکانات بیت المقدس سے متصل سیکٹر E1 میں تعمیر کیے جائیں گے ۔