پاکستان کو 27 بین الا قوامی معاہدوں پر عملدرآمدیقینی بنانا ہوگا ،سول سوسائٹی خیبر پختونخوا

معاہدوں میں میں شہریوں کے سیاسی ، سماجی اور معاسی حقوق، خواتین کے حقوق، بچوں سمیت محنت کشوں کے حقوق اور اقلیتوں کے حقوق شامل ہیں

منگل 26 جنوری 2016 21:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 جنوری۔2016ء) سول سو سائٹی خیبر پختونخوا کی جانب سے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان طے پانے والے تر جیحی تجارتی معاہدے جی ایس پی کا خیر مقدم کیا ہے جس کی روح سے پاکستانی مصنوعات بغیر کسی ڈیوٹی یا کم شرح ڈیوٹی پر یورپی ممالک کو بر آمد کی جاسکتی ہے۔گزشتہ روز پشاور پریس کلب میں ڈیموکریسی رپورٹ انٹرنیشنل کے سنیئر ادوکیسی آفیسر رفیق، قمر نسیم ، خوندوں کور کے صبحان علی، قمر نسیم ، پختون سول سوسائٹی نیٹ ورک کے کوارڈینیٹر تیمور کمال اور فاٹا کمیشن برائے انسانی حقوق کے زر علی خان آفریدی نے جوائنٹ ورکنگ گروپ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے کے بنیادی مقاصد میں پاکستان میں ترقی کا فروغ اور حکمرانی کے نظام میں بہتری لانا ہے،انہوں نے کہاکہ پاکستان اوریورپی یونین کے درمیان یہ معاہدہ2014 جنوری میں طے پایاتھا جسکے دوسال بعد یوروپین یونین 27 معاہدوں پر عملدرآمد کے ضمن میں حکومت پاکستان کے اقدامات کا جائزہ لے رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان کو 27 بین الا قوامی معاہدوں پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا جن میں شہریوں کے سیاسی ، سماجی اور معاسی حقوق، خواتین کے حقوق، بچوں سمیت محنت کشوں کے حقوق اور اقلیتوں کے حقوق شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ خیبر پختونخوا اور فاٹا میں انسانی حقوق کی صورتحال تسلی بخش نہیں ہیں، صوبے میں 397 سرکاری سکول بند پڑے ہیں جبکہ 28472 سرکاری سکولوں میں سے اکثریت بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، غیرت کے نام پر قتل کی وارداتوں میں گزشتہ سال 15 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں بے روزگاری کی شرح 8.5 فیصد دیگر صوبوں کی بہ نسبت سب سے زیادہ ہے، صوبے میں 60 لاکھ میں صرف 50 ہزار محنت کشوں کو سوشل سیکورٹی کا تحفظ حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ فا ٹا جو کہ ایف سی آر کے تحت چلایا جارہا ہے جس کے تحت وہاں کے عوام کو ان کے آئینی حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے، عدالتوں اور انسانی حقوق کے اداروں تک رسائی نہ ہوسکنے کے باعث فاٹا کے عوام کو انصاف تک رسائی تقریبا نا ممکن ہے۔

متعلقہ عنوان :