جنرل راحیل شریف کی عسکری اورقومی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،علی اکبر گجر

منگل 26 جنوری 2016 21:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 جنوری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف کی عسکری اورقومی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،انہوں نے ایک پروفیشنل فوجی کے طور پر شاندار وقت گزارا اور قوم کے دل جیت لئے۔جنرل صاحب کی مدت ملازمت کے حوالے سے بعض حلقوں میں موشگافیاں تھیں اور اسے موضوع بحث بنا کر ایک قومی ادارے کی شہرت کو نشانہ بنایا جا رہا تھا،لیکن جنرل راحیل شریف نے اپنی مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کا دوٹوک اعلان کر کے اس موضوع پر بحث کے دروازے ہمیشہ کے لئے بند کردئیے ہیں،ان کے اس اعلان سے پاکستان میں جمہوریت کو تقویت ملے گی اور پاک فوج کے احترام میں مزید اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف نے اپنی مقررہ مدت میں ملک اور قوم کے لئے جو کارنامے انجام دئیے وہ ناقابل فراموش ہیں، خاص طور پر آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمدکے لئے ان کی سوچ اور منصوبہ بندی کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان میں جمہوری اقدار کو پروان چڑھانے اور دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے میں جس دلیری کے ساتھ قائد جمہوریت میاں نواز شریف کا ساتھ دیا وہ تاریخ میں سنہری حرفوں سے درج کیا جائے گا،یہاں ان جوانوں کی قربانیوں کو بھی یاد رکھنا ہوگا جنہوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے دہشت گردی کے خاتمے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنے رہے،علی اکبر گجر نے کہا کہ ماضی میں بعض جرنیلوں نے جمہوریت کی بساط لپیٹ کر ملک پر آمریت مسلط کی اور عوام کے غیض وغضب کا نشانہ بنے ،لیکن ماضی کی اس روایت کے برعکس جنرل راحیل شریف نے ملک میں نئی روایت قائم کی اور اپنے کردار اور عمل سے ہرقدم پر یہ ثابت کیا کہ وہ اس ملک میں مکمل امن اور خوشحالی کے خواہاں ہیں۔

متعلقہ عنوان :