چھوٹے تاجروں سمیت تمام بزنس مین ٹیکس نیٹ میں آئیں ،ایس ایم منیر

جمعیت پنجابی سوداگران دہلی کی تقریب میں محمدعرفان ، گلزار فیروز،سلیم فاروقی، زبیر طفیل ، خالد تواب ، عبدالحسیب خان،عرفان سروانہ اور دیگر کی شرکت

منگل 26 جنوری 2016 20:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 جنوری۔2016ء) یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ،ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان(ٹی ڈی اے پی) کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیرنے کہا ہے کہ اگرصنعتی پیداواری لاگت کم کردی جائے اور ایکسپورٹرز کے ایف بی آر پرواجب الادا 275تا300ارب روپے کے ریفنڈز فوری ادا کردیئے جائیں تودنیا بھر میں ایکسپورٹس گرنے کے باوجود ملکی ایکسپورٹرز اپنے اپنے شعبوں میں ایکسپورٹ بڑھانے کی کوششیں تیز کرسکتے ہیں۔

انہوں نے یہ بات گزشتہ شب جمعیت پنجابی سوداگران دہلی کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کے دوران کہی۔اس موقع پر یو بی جی کے ترجمان گلزار فیروز،جمعیت پنجابی سوداگران دہلی (جے پی ایس )کے صدر محمدعرفان اصلی پری ،جنرل سیکریٹری سلیم فاروقی، یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سیکریٹری جنرل زبیرایف طفیل ،ایف پی سی سی آئی کے سی سینئرنائب صدر خالد تواب ، سینیٹر عبدالحسیب خان،شاہین الیاس سروانہ،عرفان سروانہ،عبدالسمیع خان اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایس ایم منیرنے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ چھوٹے تاجروں سمیت جو بزنس مین ٹیکس نیٹ میں نہیں ہیں وہ ملک کو ٹیکس ادا کریں اور حکومت نے ایک بہترین ایمنسٹی اسکیم بھی دی ہے جس سے فائدہ اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹڈاپ دنیا بھر میں ہونے والی100 سے زائد ایکسپو میں شرکت کررہا ہے اور ملکی بزنس مینوں کو مواقع فراہم کررہا ہے کہ وہ ان نمائشوں میں جاکر پاکستانی مصنوعات فروخت کریں،ماضی میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان میں کرپشن تھی اور لوٹ مار کا بازار گرم تھا،مجھ سے پہلے کے تین سی ای او نے جیل کی ہوا کھائی لیکن ہم نے کرپشن پر قابو پایا اور ایک ایک نمائش پر دس دس کروڑ روپے بچائے۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں تمام ہی ممالک کی برآمدات گھٹ گئی ہیں،چائنا کی ایکسپورٹ بڑی حد تک گری ہے جبکہ بھارت کی برآمدات میں10فیصد کمی آئی ہے اسی طرح انڈونیشیا کی برآمدات بھی ساڑھے14 فیصد گھٹ گئی ہیں،پاکستان سے لیدر کی ایکسپورٹ میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے اور فیکٹریاں بند ہورہی ہیں جبکہ مزدور باہربیٹھے ہیں، لیکن اس مشکل صوورتحال میں بھی ہم ایکسپورٹ بڑھانے کیلئیعالمی نمائشوں میں شرکت کررہے ہیں تاکہ بڑے پیمانے پر آرڈرز حاصل کئے جاسکیں،جرمنی کی حالیہ ہیم ٹیکسٹائل نمائش پاکستانی ایکسپورٹرزکیلئے بیتر ثابت ہوئی ہے اور مہتاب چاؤلہ سمیت ملک کے دیگر بڑے ایکسپورٹرز نمائش میں جو بھی سامان لے گئے تھے وہ سب فروخت ہوگیا۔

جمعیت پنجابی سوداگران دہلی محمدعرفان اصلی پری نے کہا کہ ہماری برادری میں اکثریت تاجرطبقہ سے تعلق رکھی ہے اس لئے حکومت سے انہیں جو مسائل درپیش ہیں وہ جمعیت پنجابی سوداگران دہلی کی مشاورت سے حل کرانے پر توجہ دی جائے ۔یو بی جی کے ترجمان گلزار فیروزنے کہا کہ یونائٹیڈ بزنس گروپ بزنس کمیونٹی کی بلاامتیاز خدمت جاری رکھے گا۔ زبیرایف طفیل نے کہا کہ ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک کی قیادت میں ایف پی سی سی آئی میں خدمت کے جذبے سے سرشار عہدیداران منتخب ہوکر آئے ہیں،پچھلے سال میاں ادریس اور رحیم جانو کی ٹیم ایف پی سی سی آئی کا معیار بہتر بنانے میں کامیاب رہی اور اب نئے عہدیدار بھی اس سلسلے کو جاری رکھیں گے۔ ۔

متعلقہ عنوان :