بلدیہ وسطی پہاڑ گنج چورنگی، شہری آبادی میں کچرا پھینکنا بندکریں: پاسبان

منگل 26 جنوری 2016 19:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جنوری۔2016ء)پاسبان پاکستان کے نائب صدر و آرگنائزر ضلع وسطی عبدالحاکم قائد اور پاسبان کراچی کے رہنما خالد درانی نے پہاڑ گنج چورنگی، اصغر علی شاہ کرکٹ اسٹیڈیم کے عقب میں بلدیہ کراچی کے ٹرکوں اور ڈمپروں ذریعے شہری آبادی میں کچرا ڈمپ کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچرا شہر سے باہر ڈمپ کرنے کی بجائے گنجان آباد میں پھینکنا غیر منطقی اور علاقہ مکینوں کیلئے پریشانی کا باعث ہے ۔

پاسبان نارتھ ناظم آباد کے تحت پہاڑ گنج کے علاقہ مکینوں نے آبادی میں کچرا ڈمپ کرنے کے خلاف مظاہرہ کیا ۔ اس موقع پر پاسبان پہاڑگنج کے رہنما و کارکنان حسین گڈو ، راشد مسیح ، اکرام قریشی ، اشفاق قریشی، محمود خان و دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

پاسبان رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ آبادی میں کچراپھینکنے کی انکوائری کرائی جائے کہ کچرا پھینکنے والی بلدیہ کراچی کی گاڑیوں کو فیول کی مد میں کتنا پٹرول اور ڈیزل دیا جاتا ہے کیونکہ شہرکے کئی مقامات پر سرکاری نرخ سے کم ریٹ پر پٹرول کھلے عام بیچا جارہا ہے ۔

پاسبان کے کارکنان اور علاقہ مکینوں کی جانب سے ضلعی وسطی بلدیہ کی ایڈمنسٹریٹریشن کو کئی مرتبہ کمپلین کرنے کے باوجودپہاڑگنج چورنگی پر کچرا پھینکنے کاسلسلہ جاری ہے جو کہ علاقہ میں تعفن اور وبائی امراض پھیلنے کا سبب بن رہا ہے۔علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا کہ بلدیہ وسطی کے ٹرک پہاڑ گنج چورنگی پر کچراپھینکنا فوری بندکریں اوریہاں کچرا پھنیکنے والے ٹرک اور ڈمپرڈرائیوروں کے خلاف کاروائی کی جائے ۔