ڈی سی او قصور سلمان غنی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا

قصور کو پنجاب کا مثالی ضلع بنائینگے ‘افسران عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں‘کرپشن ، بدعنوانی ، فرائض سے غفلت اور اختیار کے ناجائز استعمال کو برداشت نہیں کیا جائیگا ‘میرے دروازے ہمیشہ عوام کیلئے کھلے رہیں گے ‘سلمان غنی

منگل 26 جنوری 2016 19:53

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جنوری۔2016ء) نئے تعینات ہونیوالے ڈی سی او قصور سلمان غنی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ۔ تفصیلات کے مطابق نئے تعینات ہونے والے ڈی سی او قصور سلمان غنی نے گزشتہ روز اپنے عہدے کا چارج سنبھال کر کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے ۔ اس موقع پر ڈی سی او قصور سلمان غنی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجا ب محمد شہبازشریف کے ویژن اور ہدایات کی روشنی میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ، ضلع بھر کے ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل ،سرکاری محکموں کی کارکردگی میں بہتری ‘ وسائل کی تقسیم میں شفافیت اور غیر جانبداری میری اولین ترجیح ہوگی ۔

انہوں نے ضلع بھر کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور اپنے فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کے دباؤ یا مصلحت کا شکار نہ ہوں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ کسی صورت میں کرپشن ، بد عنوانی ،فرائض سے غفلت اور اختیار کے ناجائز استعمال کو برداشت نہیں کیا جائیگااور وہ ضلع کے تمام افسران کی طرف سے اپنے محکموں کی کارکردگی میں بہتری کے حوالے سے پیش کی جانیوالی تجاویز کا خیر مقدم کرینگے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے دروازے ہمیشہ عوام کیلئے کھلے رہیں گے اور انشاء اﷲ ضلع قصور کے عوامی نمائندوں ، سرکاری افسران ، سماجی کارکنوں ، تاجروں ، صحافیوں ،علماء اکرام اور غیور عوام کی مدد سے ضلع قصور کو پنجاب کا ایک مثالی ضلع بنائینگے ۔

متعلقہ عنوان :