مغربی کنارے اسرائیلی آبادکاروں کے گھروں کی تعمیر کا منصوبہ

153نئے ہاؤسنگ یونٹس کی تعمیر کی اجازت دے دی ہے ،اسرائیلی وزارت دفاع

منگل 26 جنوری 2016 19:45

مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جنوری۔2016ء)اسرائیل کی وزارت دفاع نے مقبوضہ مغربی کنارے میں واقع یہودی بستیوں میں مزید توسیع کا منصوبہ بناتے ہوئے 153 نئے ہاؤسنگ یونٹس کی تعمیر کی اجازت دے دی ۔اسرائیلی آبادکاری پر نظر رکھنے والی تنظیم "پیس ناؤ" کی ترجمان ھاجیت اوفران کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ پچھلے ہفتے کے دوران منظور کروا لیا گیا تھا اور اس میں مغربی کنارے کے علاقے ارییل، الخلیل میں قائم الکرمل اور غوش عتصیون یہودی بستیوں میں تعمیر کی اجازت دی گئی ۔

'پیس ناؤ' نے وزارت ہاؤسنگ کی اہم دستاویزات حاصل کی ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ تل ابیب حکومت دریائے اردن کے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے میں یہودی آباد کاروں کو بسانے کے لیے چھوٹی کالونیوں کے بجائے دو نئے شہر آباد کرنا چاہتی ہے جن میں 55 ہزار 548 مکانات کی تعمیر کی اسکیم تیار کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان میں سے 8300 مکانات بیت المقدس سے متصل سیکٹر E1 میں تعمیر کیے جائیں گے جس کے نتیجے یں مغربی کنارے دو حصوں میں منقسم ہو کر رہ جائے گا۔

بیت المقدس قریب 12 کلو میٹر کے علاقے پر ان مکانات کی تعمیر سے غرب اردن کی جغرافیائی تقسیم کے بعد فلسطینی ریاست کے قیام میں ایک نئی رکاوٹ کھڑی کر دی جائے گی۔انسانی حقوق کی تنظیم ’’ناؤ پیس‘‘ کا کہنا ہے کہ معالیہ ادومیم کے E1 سیکٹر میں یہودی آبادکاروں کے لیے گھروں کی تعمیر سے مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل میں مزید مشکلات پیدا ہوں گی۔

یہ ایک حساس علاقہ ہے۔ اگر اسرائیل اس علاقے میں مزید تعمیرات کرتا ہے تو اس کے نتیجے میں دو ریاستی حل کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی ہو سکتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اسرائیلی حکومت جب بھی اس علاقے میں تعمیرات کے کسی منصوبے پر کام شروع کیا ہے عالمی دباؤ کے باعث صہیونی ریاست کو پسپا ہونا پڑا ہے مگر اب کی بار اسرائیل نے اس منصوبے پر خفیہ طور پر کام شروع کرنے کی اپنائی ہے۔