پنجاب میں برطانیہ کے تعاون سے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ٹیچرز ٹریننگ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے‘ رانا مشہود احمد

چند سال پہلے پنجاب میں 80لاکھ بچے زیر تعلیم تھے ،محکمہ کے موثر اقدامات کی وجہ سے یہ تعداد سوا کروڑ تک پہنچی ہے، پنجاب میں یوتھ پالیسی اور یوتھ کمیشن کے قیام کے بعد اگلا ہدف یوتھ ڈائریکٹوریٹ کا قیام ہے ‘ صوبائی وزیر تعلیم کامقامی ہوٹل میں پنجاب یوتھ سٹریٹجی کاسٹنگ پلان کے حوالے سے محکمہ یوتھ افیئرز پنجاب اور یونیسف کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب

منگل 26 جنوری 2016 18:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 جنوری۔2016ء) پنجاب میں برطانیہ کے تعاون سے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹیچرز ٹریننگ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے ،برٹش کونسل اور یونیورسٹی آف لندن کے ساتھ دستخط کئے گئے ایم او یوز کی روشنی میں اساتذہ کو انگریزی زبان کے خصوصی کورسز کروائے جائیں گے ،پنجاب واحد صوبہ ہے جو یوتھ کے متعلق کئی پراجیکٹس پر عمل کر رہا ہے ،یوتھ پالیسی کی تشکیل کے بعد اب یوتھ کمیشن قائم کیا جا رہا ہے،ہمارا اگلا ہدف یوتھ ڈائریکٹوریٹ کا قیام ہے ۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے مقامی ہوٹل میں پنجاب یوتھ سٹریٹجی کاسٹنگ پلان کے حوالے سے محکمہ یوتھ افیئرز پنجاب اور یونیسف کے زیر اہتمام ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع سیکرٹری یوتھ افیئرز ہمایوں شیخ مظہر اور یونیسف کے نمائندے بھی موجود تھے ۔اس موقع پر محکمے کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر محمد سیف اﷲ چوہدری نے 2013-17کے یوتھ سٹریٹجی کاسٹنگ پلان کے حوالے سے اعدادوشمار پیش کئے ۔

صوبائی وزیر تعلیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ چند سال پہلے پنجاب کے سرکاری سکولوں میں 80لاکھ بچے زیر تعلیم تھے ۔محکمہ تعلیم کے موثر اقدامات کی وجہ سے اب ان بچوں کی تعداد سوا کروڑ تک پہنچی ہے جو پنجاب کے سرکاری شعبے کے کل 54ہزار سکولو ں میں پڑھ رہے ہیں۔محکمہ تعلیم نے ان بچوں کو کتب کی مفت فراہمی کا انتظام کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی ملک میں تعلیمی نظام یکساں نہیں ہے ہر جگہ نجی شعبے کے سکول موجود ہیں ۔

تاہم حکومتیں سرکاری سکولوں کا معیار بڑھا کر انہیں نجی سکولوں کے برابر لے جانے کے لئے ہر ملک میں کوشاں ہیں ۔انہو ں نے کہا کہ پنجاب گورنمنٹ بھی 2017تک ملک کے پبلک سکولو ں کو تمام ضروری سہولیات سے آراستہ کر کے انہیں عالمی معیار کے تعلیمی اداروں میں تبدیل کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت نے حال ہی میں بھٹوں پر کام کرنے والوں مزدوروں کے بچوں کو سکولوں میں داخل کروانے کے لئے انقلابی فیصلے کئے ہیں ۔

جن کے تحت 40ہزار سے زائد بچوں کو بھٹہ مزدوری سے سکولوں میں داخل کروایا جا رہا ہے ۔ان بچوں کو یونیفارم،کتابیں اور ماہانہ وظیفہ حکومت پنجاب کی طرف سے دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ایسے بھٹے جہاں چائلڈ لیبر پائی جائے گی بند کر دیئے جائیں گے ۔یونیسف پنجاب تعلیم کے شعبے میں حکومت کی بھر پور معاونت کر رہی ہے ۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب حکومت تعلیم کے شعبے میں خود احتسابی کے ذریعے معیار کو دن بدن بلندی کی طر ف لے کر جا رہی ہے۔

سکول ایجوکیشن پہلا ڈیپارٹمنٹ ہے جس نے 54ہزار سکولوں کا ڈیٹا اپنی ویب سائٹ پر اس طرح لانچ کیا ہے کہ کوئی بھی شخص کسی بھی سکول کے بارے میں کسی بھی وقت جان سکتا ہے اور محکمہ تعلیم کے متعلقہ افسران سے شکایت کی صورت میں رابطہ کر سکتا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہو ں نے کہا کہ پوری دنیا موسمی تبدیلیوں کے زد میں ہے اور اس کے سب سے زیادہ اثرات پاکستان میں دیکھے جا رہے ہیں اس سال شدید سردی اور دھند کی وجہ سے جنوری کے مہینے میں غیر متوقع طور پر بچوں اور ان کے والدین کو سامنا کرنا پڑا ہے ۔محکمہ موسمیات اور محکمہ صحت کی رپورٹس کی روشنی میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ بچوں کو مشکلات سے بچانے کے لئے ان کو ایک ہفتے کی چھٹیاں دیدی جائیں۔