روسی صدرپیوٹین بدعنوان ہیں،امریکی نائب وزیر خارجہ

روسی صدر کی سالانہ آمدن غیر معمولی نہیں اور وہ اپنے کئی وزراء سے بھی کم امیر ہیں،ترجمان کریملن

منگل 26 جنوری 2016 17:59

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 جنوری۔2016ء)امریکی وزارت خزانہ کے ایک سینئر اہلکار نے روسی صدر کو ’کرپٹ‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے یہ بات برطانوی نشریاتی ادارے کے ایک پروگرام میں کہی۔ایڈم سوبن نے واضح کیا کہ امریکا اْس سلسلے پر نگاہ رکھے ہوئے، جس کے تحت پوٹن اپنے دوستوں اور قریبی ساتھیوں کو نوازنے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ریاستی اثاثوں کا بیدریغ استعمال کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

امریکی اہلکار کے مطابق اپنی نوازنے کی اِس پالیسی کے تحت پوٹن اْن افراد کے ساتھ زیاتی کے بھی مرتکب ہوئے ہیں جنہیں وہ اپنا دوست یا قریبی حلقے کا حصہ خیال نہیں کرتے۔ امریکی اہلکار کے مطابق روس کا انرجی سیکٹر ہو یا کوئی بڑا حکومتی کنٹریکٹ، یہ سب اْن دوستوں کے لیے ہے جو روسی صدر کے خیرخواہ ہیں اور یہ عمل یقینی طور پر کرپشن کے زمرے میں آتا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی وزارت خزانہ کے اہلکار کے مطابق روسی صدر کی کرپشن کے بارے میں امریکی حکومت برسوں سے جانتی ہے۔ادھرروسی صدر کے ترجمان نے امریکی اہلکار کے بیان کے حوالے سے کہا کہ یہ تمام مفروضے اور افسانے ہیں لہذا اِن کا جواب دینا ضروری نہیں ہے۔ کریملن کی ویب سائٹ پر شائع کی گئی تفصیلات کے مطابق روسی صدر ایک لاکھ چار ہزار ڈالر تنخواہ کی مد میں کماتے ہیں اور اْن کے پاس روسی ساختہ تین کاریں ہیں جبکہ وہ 77مربع میٹر کے فلیٹ کے مالک ہونے کے علاوہ ایک قطعہ اراضی بھی رکھتے ہیں۔

اِس مناسبت سے کہا جاتا ہے کہ روسی صدر کی سالانہ آمدن غیر معمولی نہیں اور وہ اپنے کئی وزراء سے بھی کم امیر ہیں۔ کچھ عرصہ قبل روسی صدر نے بھی اِس بات کو لغو اور فضل قرار دیا تھا کہ وہ یورپ کے امیر کبیر انسان ہیں۔