کراچی، میونسپل ورکرزٹریڈیونین الائنس کامیونسپل سروسز کے ملازمین کو اعزازیہ نہ دینے پر احتجاج کرنے کا اعلان

منگل 26 جنوری 2016 17:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جنوری۔2016ء) میونسپل ورکرزٹریڈیونین الائنس کے مرکزی صدرسیدذوالفقارشاہ نے کہا ہے کہ کے ایم سی کے محکمہ فائرفائٹرز کو ماہ اکتوبر سے جنوری تک چار ماہ کا اوورٹائم،میونیسپل سروسز کے سال بھر ایمرجنسی ڈیوٹیاں انجام دینے والے عملے کوایڈمنسٹریٹر ومیٹروپولیٹن کمشنر کی منظوری کے باوجود اعزازیہ ادا نہ کرنے اور ڈی ایم سیز کے ملازمین کو اضافی ڈیوٹیاں انجام دینے پر اوورٹائم اور عیدالاضحٰی پر کام کرنے کا اعزازیہ اگر ایک ہفتے کے اندر اندر ادا نہ کیا گیا تو پھر شہر میں انوکھا احتجاج کیا جائیگا ۔

اس سلسلے میں احتجاج میں پہلی بار فائربریگیڈ کی ہارن بجاتی گاڑیاں بھی شامل کی جائیگی جبکہ مشینری پول اور سینیٹیشن کی کچرہ گاڑیاں بھی کچرے اور نالے کی گپ سمیت احتجاج میں شامل کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

فائنل راونڈ کی تیاریوں کے بعد یونین کی جانب سے ایک ہفتے کی ڈیڈلائن دی جارہی ہے۔اگر ایک ہفتے کے اندر اندر ادائیگیا ں نہ کی گئیں تو شہر کی کوئی سڑک صاف نہیں رہے گی اور کچرے کے ڈھیر لگا دیئے جائیں گے جبکہ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں ہارن بجا کر شہر کی اہم سڑکوں پر بطور احتجاج گشت کریں گی اس سلسلے میں دیگر یونینوں کو بھی اعتماد میں لیا جارہاہے انہوں نے گورنر سندھ ،وزیراعلٰی سندھ،وزیربلدیات اور چیف سیکریٹری سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فائر فائٹرز کے چار ماہ کااوورٹائم ،میونیسپل سروسز کے ایمرجنسی ڈیوٹیاں انجام دینے والے عملے کو اعزازیہ ،ڈی ایم سیز کے اضافی ڈیوٹیاں انجام دینے والے عملے کواوورٹائم کی ادائیگی ایک ہفتے کے اندر اندر کرواکر مسئلے کو حل کروائیں بصورت دیگر خرابی صورتحال کی ذمہ داری حکومت سندھ پر عائد ہوگی۔

متعلقہ عنوان :