معاون خصوصی ڈاکٹر امجد علی کی کوششوں سے شموزئی میں دوفریقین کے مابین راضی نامہ

منگل 26 جنوری 2016 17:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جنوری۔2016ء)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہاہے کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت اپنے مشن کے تحت یہ اولین ذمہ داری سمجھتی ہے کہ عوام کے دیرینہ اور معمولی مسائل کوتھانہ کچہری میں لے جانے کی بجائے ایک موثر مکینزم سے حل کیا جائے تاکہ ہرمعاملہ کے لئے عوام کوتھانوں کے چکر نہ کاٹنے پڑیں اور ان کے مسائل گاؤں کی سطح پر آسانی سے حل ہوسکے اور امن وامان وبھائی چارے کی فضا بھی قائم ہو۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے حلقہ پی کے 82 کے علاقے شموزئی زرخیلہ کے مقام پر گجربرادری کے دوفریقین گل بلند اور محمد رزاق کے مابین تنازعہ کے خاتمے اور صلح داری کے موقع پر منعقد ہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیاجس میں تحصیل ناظم بریکوٹ گوہر ایوب خان نے ویلج کونسل چیئرمین جیدارخان،وائس چیئرمین فضل عزیز کے علاوہ منتخب بلدیاتی نمائندوں ،پی ٹی آئی کے ورکرز اورعلاقہ عمائدین سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ مذکورہ مصالحتی راضی نامے میں وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی ڈاکٹر امجد علی اورتحصیل ناظم گوہر ایوب خان نے کلیدی کردار اداکیاتھاجسکے نتیجے میں عرصہ سے گجربرادری کے مابین چلنے والی چپقلش کاخاتمہ ہوا اورفریقین گل بلند اورمحمد رزاق کے خاندنوں کے مابین راضی نامہ ہوگیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر امجد علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری حکومت کایہ مشن ہے کہ عوام کودرپیش ہر مسئلے کوتھانوں میں نہ لایا جائے بلکہ بعض حل طلب مسائل عوام اپنے مابین خودحل کرے تاکہ ہرمسئلے میں تھانوں کی طرف عوام نہ جائیں اس لئے عوام اپنے معمولی نوعیت کے مسائل کو مصالحتی کمیٹیوں کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کریں۔