پشاورمیں تعلیمی اداروں کے سیکورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کافیصلہ

تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لئے نائب ناظم ضلع پشاور سید قاسم علی شاہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی

منگل 26 جنوری 2016 17:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جنوری۔2016ء) پشاور کے نجی تعلیمی اداروں کے سیکیورٹی انتظامات کیلئے SOPs مرتب کرنے اور صوبائی حکومت سمیت ضلعی حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لئے نائب ناظم ضلع پشاور سید قاسم علی شاہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی گئی ۔ کمیٹی میں نجی تعلیمی اداروں کے مالکان ٗ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن پشاور اور ضلعی حکومت سمیت محکمہ پولیس کے اعلیٰ افسران شامل ہوں گے۔

خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایجوکیشن سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین محمد صبور سیٹھی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نجی تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کیلئے موثر انتظامات کئے جائیں ۔تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا چیمبر کی ایجوکیشن سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین اور سٹی یونیورسٹی کے صدر محمد صبور سیٹھی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس گذشتہ روز چیمبر ہاؤس میں منعقد ہوا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نائب ناظم اعلیٰ سید قاسم علی شاہ ٗ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کے سیکرٹری بختیار احمد ٗ ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی BISE رئیس خان ٗ پشاور ماڈل ڈگری سکول اینڈ کالجزکے ڈائریکٹر سکوارڈن لیڈر (ر) عطاء اﷲ شاہ ٗ سٹی یونیورسٹی کے کرنل (ر) فقیر محمد ٗ فرنٹیئر ماڈل سکول کے خواجہ ایم وسیم ٗ خواجہ یاور نصیر ٗ پشاور ماڈل سکول کے غیور سیٹھی ٗ عماد سیٹھی ٗ سرحد یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سلیم الرحمان ٗ آل پاکستان پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے صدر ڈاکٹر محمد ظاہر شاہ ٗ فارورڈ پبلک سکول سے محمد ممتاز خان ٗ محمد سرفراز خان ٗ ظفرالاسلام ٗ عبدالہادی خان ٗ محمد عثمان خان ٗ مس ثمرین اعوان ٗ اباسین یونیورسٹی کے عقیل وہاب صدیقی ٗ سٹی یونیورسٹی کے پروفیسر اسرار خٹک ٗ پشاور ماڈل سکول کے ایم طارق سیٹھی ٗ مسلم ماڈل سکول کے سجاد احمد ٗ نالج سکول کے انس تکریم ٗ قرطبہ سکول کے اے حفیظ ٗ حیات آباد ماڈل سکول کے طاہر ملک اور شکیل سیٹھی نے شرکت کی ۔

اجلاس میں باچا خان یونیورسٹی میں شہید ہونیوالے پروفیسر ٗ طلباء و طالبات اور دیگر سٹاف کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیاگیا اور شہداء کے روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور اﷲ تعالیٰ سے دعا کی گئی کہ وہ شہداء کے لواحقین کو صبر و جمیل عطاء فرمائے۔ اجلاس میں نجی تعلیمی اداروں کی سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیاگیا اور ضلعی حکومت کی جانب سے سیکورٹی انتظامات کی آڑ میں سکول مالکان کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا اور مطالبہ کیاگیا کہ فوری طور پر سکول مالکان کے خلاف درج ایف آئی آر واپس لی جائے ۔

اجلاس میں واضح کیاگیا کہ نجی تعلیمی اداروں کا کام معیاری تعلیم کی فراہمی ہے جبکہ سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنانا صوبائی اور ضلعی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ اجلاس میں واضح کیاگیا کہ نجی تعلیمی اداروں نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کی جانب سے بنائے گئے SOPs پر مکمل طور پر عملدرآمد یقینی بنایا ہے جس کے بعد محکمہ پولیس کی جانب سے سکولوں کو کلیئرنس سرٹیفیکیٹ بھی جاری کئے گئے ہیں۔

اس کے باوجود نجی تعلیمی اداروں کو کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کا ذمہ دار ٹھہرانا سراسر زیادتی اور تعلیم کے فروغ کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے مترادف ہے ۔ اجلاس میں ضلع نائب ناظم پشاور سید قاسم علی شاہ کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی جو سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

متعلقہ عنوان :