قیام امن اولین ترجیحی، کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے، ثناء اللہ زہری

منگل 26 جنوری 2016 16:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 جنوری۔2016ء)وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کہا کہ موجودہ حکومت قیام امن کو یقینی بنا نے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا تے ہوئے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریگی اس وقت کوئٹہ میں امن وامان کی صورتحال کا فی بہتر ہے قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے صوبے میں عالمی طرز کے بڑے بڑے فلاحی مراکز قائم کئے جا رہے ہیں عوام کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے اگلے ماہ سے شہر سے پیڈ پارکنگ ختم ہو جائیگی بلڈنگ کوڈ پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنا یا جائیگا خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف سخت کا رروائی عمل میں لائیگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کوئٹہ ائیر پورٹ پر واقع پی ڈی ایم اے کے دفتر میں واقع ریسکیو1122 کی سروس کے افتتاح کے موقع پر متعلقہ حکام کو 5 ایمبولینسز کی فراہمی اورچابیاں دینے کے موقع پر میڈیا اور شرکاء سے بات چیت کر تے ہوئے کیا اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ ،پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صوبائی رکن اسمبلی امان اللہ نوتیزئی سمیت ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ بھی موجود تھے نواب ثناء اللہ زہری نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر میں قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے تمام ممالک اقدامات اٹھا رہے ہیں اور ہماری بھی یہی کوشش ہے کہ قدرتی اور نا گہانی آفات سے نمٹنے اور شہریوں کو مصیبت سے نکالنے کیلئے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے اس لئے بلوچستان میں عالمی طرز کے مطابق بڑے بڑے فلاحی مراکز قائم کئے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ناگہانی آفت کے موقع پر شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا یا جاسکیں اس لئے ہم نے بھی ریسکیو1122 فلاحی سروس کا آغاز کر دیا اور پہلے مرحلے میں اس سروس کیلئے5 ایمبولینسز فراہم کی گئی ہے ریسکیو1122 کی عمارت صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے دفتر میں زیر تعمیر عمارت 6 ماہ میں کی قلیل مدت میں مکمل کی جائیگی انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے اس طرح کے اقدامات کر کے قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کئے گئے تاکہ ان آفات سے کم سے کم نقصانات ہو ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امن وامان کی صورتحال اس وقت کوئٹہ شہر میں کافی بہتر ہے کیونکہ ایک ہفتہ قبل بدامنی کی لہر اٹھی تھی اس میں بھی کافی بہتر آئی ہے کیونکہ اس میں ملوث عناصر شہر سے واقف نہیں تھے موجودہ حکومت امن کی بحالی کو یقینی بنا نے کیلئے کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کریگی بلکہ تمام وسائل کو بروئے کار لا تے ہوئے امن بحال کریگی بلڈنگ کوڈ کے حوالے سے نواب ثناء اللہ زہری نے کہا کہ اس پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنا یا جا رہا ہے کیونکہ کوئٹہ سیسمک زون میں واقع ہے اسلئے یہاں پر بلند وبالاعمارتوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی اس لئے بلڈنگ کوڈ کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف سخت کا رروائی عمل میں لائی جائیگی تاکہ شہریوں کو قانون کے مطابق کام کر نے کی اجازت دی جا سکے انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ عوام کو سہولیات فراہم کریں اس لئے عوامی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے شہر میں شروع کی جانیوالے پیڈ پارکنگ کو اگلے ماہ سے ختم کررہے ہیں جس سے بہت سے مسائل حل ہونگے اور ٹریفک کی روانی کو برقراررکھنے میں مدد ملے گی اور شہر میں بڑے بڑے پلازوں کی صورت میں پارکنگ بنائی جائیگی تاکہ پارکنگ کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے انہوں نے کہا ہے کہ ناراض بلوچ رہنماں سے مذاکرات کے لئے جلد جرگہ تشکیل دیا جائے گا مفاہمتی عمل کو تیز کرنے کے لئے قبائل معتبرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے محکمہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کو مزید فعال بنائیں گے کیونکہ بلوچستان فالٹ لائن پر موجود ہے جہاں زلزلے آنے کے زیادہ امکانات ہوتے ہیں جس کے پیش نظر محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو فعال کیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122بھی اسی کی ایک کڑی ہے ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں حالات کی بہتری کیلئے مفاہمتی عمل میں بہتری کیلئے کوشاں ہے اور جلد ہی بلوچستان کے قبائلی معتبرین پر مشتمل ایک جرگہ تشکیل دیا جائیگا جوناراض بلوچ رہنماوں سے مذاکرات کریگا انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ماضی کی نسبت امن و امان بہت بہتر ہے جلد ہی عوامی سہولت کیلئے ماس ٹرانزٹ ٹرین کا افتتاح کردیا جائیگا انہوں نے کہا کہ ہم اپنے عوام کو ایک پر امن بلوچستان دینے کی کاوشوں میں مصروف ہیں جس میں سیاسی جماعتوں سول سوسائٹی اور عوام کا تعاون درکار ہے اس موقع پر پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل نے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کو بریفنگ بھی دی۔