حکومت خوش قسمت ہے کہ ان کے دور میں افتخار چوہدری چیف جسٹس نہیں‘ ملک کی ناقص خارجہ پالیسی ایک پرندے پر چل رہی ہے‘ پرویز خٹک نے کے پی کے میں کرفیو کے نفاذ کی بات کرکے گورنر راج کو دعوت دی ‘ مسلم لیگ (ن) اچھی میڈیا منیجر ہے‘ سندھ میں گٹر بھی خراب ہو تو اس کا ذمہ دار وزیراعلیٰ کو ٹھہرایا جاتا ہے‘ ملک میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہے اور وزیر اعظم بیرون ملک بیٹھے ہیں‘سانحہ آرمی پبلک سکول اور چارسدہ یونیورسٹی میں دہشت گردی کے واقعات کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہئے، خلیجی ملک سے وزیراعظم کو مفت طیارے کے بدلے منافع بخش روٹ ملک کی ایئرلائن کو دے دیئے گئے ‘ پنجاب میں پی پی کی صدارت کے لئے قمر زمان کائرہ مضبوط امیدوار ہیں

پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی کی ”آئی این پی“ کے دفتر کے دورے پر خصوصی گفتگو

منگل 26 جنوری 2016 14:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 جنوری۔2016ء) پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ حکومت خوش قسمت ہے کہ ان کے دور میں چوہدری افتخار چیف جسٹس نہیں‘ ملک کی ناقص خارجہ پالیسی ایک پرندے پر چل رہی ہے‘ پرویز خٹک نے کے پی کے میں کرفیو کے نفاذ کی بات کرکے گورنر راج کو دعوت دی ہے ‘ مسلم لیگ (ن)ایک اچھی میڈیا منیجر ہے‘ سندھ میں گٹر بھی خراب ہو تو اس کا ذمہ دار وزیراعلیٰ کو ٹھہرایا جاتا ہے‘ ملک میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہے اور وزیر اعظم بیرون ملک بیٹھے ہیں‘سانحہ آرمی پبلک سکول اور چارسدہ یونیورسٹی میں دہشت گردی کے واقعات کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہئے، خلیجی ملک سے وزیراعظم کو مفت طیارے کے بدلے منافع بخش روٹ اس ملک کی ایئرلائن کو دے دیئے گئے ‘ پنجاب میں پی پی کی صدارت کے لئے قمر زمان کائرہ مضبوط امیدوار ہیں۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو ”آئی این پی“ کے دفتر کے دورے پر خصوصی گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت خوش قسمت ہے کہ ان کے دور میں چوہدری افتخار چیف جسٹس نہیں ہمارے دور اقتدار میں افسران کے تبادلے بھی چیف جسٹس کے اشارے پر ہوتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کی ناقص خارجہ پالیسی ایک پرندے پر چل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک صوبے میں کرفیو کے نفاذ کی بات کرکے گورنر راج کو دعوت دے رہے ہیں۔

پاکستان اور افغانستان کے بارڈر کو سیل کرنے کی باتیں کرکے ایک نئے محاذ کو کھولا جارہا ہے جب تک پاکستان ‘ افغانستان اور بھارت کی اسٹیبلشمنٹ مل کر نہیں بیٹھے گی خطے میں امن و امان نہیں آسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہے اور ہماری آدھی کابینہ بیرون ملک بیٹھی ہوئی ہے نیشنل ایکشن پلان کی مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہر تین ماہ بعد ہونا تھا مگر اس پر پر ایک سال گزرنے کے باوجود اس کمیٹی کا ایک اجلاس بھی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے سعودی ایران تنازعہ پر قوم اور سیاسی پارٹیوں کو ابھی تک اعتماد میں نہیں لیا۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ہمیشہ وزیراعظم کے غیر ملکی دوروں پر باقی سیاسی پارٹیوں اور قوم کو اعتماد میں لیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اچھی میڈیا منیجر ہے سندھ میں گٹر خراب ہو تو اس کا ذمہ دار وزیراعلیٰ کو ٹھہرایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک سکول اور چارسدہ یونیورسٹی میں دہشت گردی کے واقعات کی جوڈیشل انکوائری ہونی چاہئے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پیپلز پارٹی آج بھی پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف ہے پی آئی اے قومی ادارہ ہے حکومت کو اس کو بیچنے کی بجائے اس کو بہتر بنانے پر زور دینا چاہئے۔ حکومت نے اپنے کئی اہم روٹس دیگر غیر ملکی ایئرلائنز کو دے دیئے ہیں جس کی وجہ سے یہ ادارہ مزید خسارے میں جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم شوکت عزیز نے اپنے دور میں ایک خلیجی ملک سے مفت طیارہ لے کر اپنے انتہائی اہم روٹس اس ملک کی ایئرلائن کو دے دیئے، ایسے حالات میں پی آئی اے خسارے میں ہی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کی صدارت کے لئے ندیم افضل چن کی نسبت قمر زمان کائرہ مضبوط امیدوار ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے آئی این پی اور چینی خبررساں ادارے شینوا کے درمیان نیوز سروس کے معاہدے کو اہم قرار دیا اور کہا کہ اس معاہدے سے خبرؤں کے تبادلے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کی ثقافت سے متعلق بھی عوام کو آگاہی ہو گی۔