پاک بھارت سیریز ‘ بھارت کو پاکستان کے خلاف ہوم سیریز کھیلنا ہوگی ‘ نجم سیٹھی

منگل 26 جنوری 2016 13:48

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جنوری۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ اگر بھارت آئندہ سال پاکستان کے خلاف اپنی ہوم سیریز کھیلنا چاہتا ہے تو پہلے اسے رواں سال پاکستان کے خلاف ہوم سیریز کھیلنی ہوگی۔بی بی سی سے بات کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ معاہدے کے مطابق دونوں ممالک کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی سیریز کے پہلے مرحلے میں بھارت نے پاکستان کے ساتھ ہوم سیریز کھیلنی تھی جو نہ ہو سکی اب اگر بھارت آئندہ سال اپنی ہوم سیریز کھیلنا چاہتا ہے تو رواں برس اسے پاکستان کی ہوم سیریز کھیلنی ہوگی جہاں ہم کہیں گے۔

نجم سیٹھی نے کہاکہ اگر ہماری سیریز نہیں ہوتی تو پھر ہم بھی کھیلنے کے لیے بھارت نہیں جائیں گے۔

(جاری ہے)

‘انھوں نے رواں برس سیریز کے حوالے سے کہا کہ ’ہم بھارت کے خلاف اپنی ہوم سیریز کے لیے رواں برس ستمبر میں 10 سے 15 دن نکال سکتے ہیں لیکن ہم ان کی طرف سے کچھ نہیں کہہ سکتے۔ ہم انھیں وقت نکالنے کی تجویز ضرور پیش کریں گے لیکن اگر وہ نہیں کھیل سکتے تو پھر آئندہ برس ان کی ہوم سیریز کے لیے جو وقت ہم نے مختص کیا ہوا ہے اس میں انھیں دبئی یا سری لنکا آ کر پہلے ہماری ہوم سیریز کھیلنی ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ گذشتہ دسمبر میں ہونے والی پاکستان بھارت کرکٹ سیریز کیلئے بھی بھارت کی جانب سے اس سیریز کو مختصر کرنے کی تجویز سامنے آئی تھی اور اب ان کے بقول انوراگ ٹھاکر کا یہ بیان سامنے آیا ہے کہ رواں برس بھارت پاکستان کے خلاف کوئی سیریز نہیں کھیل سکتا۔بھارتی کرکٹ بورڈ سے رابطے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب پر نجم سیٹھی نے کہاکہ جب تک بھارتی حکومت اجازت نہیں دیتی تب تک ان کے بورڈ سے رابطہ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ۔بی سی سی آئی سے بات کرنے کا کیا فائدہ، پہلے بھی ہم نے آخری وقت تک سب کچھ کیا اور وہ ہمیں یقین دلاتے رہے کہ سیریز ہو جائے گی لیکن اب آئندہ تین یا چار ماہ کے دوران اگر ان کی حکومت اجازت دے دیتی ہے تو پھر رابطہ کیا جا سکتا ہے

متعلقہ عنوان :