سخت خفاظتی انتظامات میں بھارت کے67ویں یوم جمہوریہ کی تقریبات‘فرانس کے فوجی دستے کی پریڈمیں شرکت

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 26 جنوری 2016 13:19

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 26 جنوری۔2015ء) بھارت کا 67 واں یوم جمہوریہ سخت حفاظتی انتظامات میں منا یا جارہا ہے‘ صدر پرنب مکھرجی نے بھارتی ترنگے کی پرچم کشائی سے تقریبات کا آغازکیا اس موقع پر روایتی طور پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔یوم جمہوریہ کے مہمان خصوصی کے طور پر فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند بھارتی صدر، وزیر اعظم اور ملک بیرون ملک سے آئے دیگر سفارتکاروں کے ساتھ راج پتھ پر منعقد پریڈ کا لطف لے رہے ہیں۔

اس بار کی خاص بات پریڈ میں فرانس کے فوجی دستے کی شمولیت ہے جو بھارتی فوجی ٹکڑیوں کے ساتھ پریڈ میں حصہ لے رہی ہے۔اس کے ساتھ مرکزی ریزرو پولیس فورس کا خواتین دستہ اور فوج کے ڈاگ سکواڈ کو بھی پریڈ میں شامل کیا گیا ہے۔یوم جمہوریہ کے موقع پر دارالحکومت دہلی میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق 50 ہزار سکیورٹی اہلکار کو تعینات کیا گیا ہے جن میں 15 ہزار نیم فوجی دستے سے تعلق رکھتے ہیں۔

پریڈ کے روپ پر تقریباً 15 ہزار سی سی ٹی وی کمیرے نصب کیے گئے ہیں تاکہ ساری نقل و حرکت پر نظر ہو۔اس موقع پر آج سے دہلی کے تاریخی لال قلعے میں تین دن کا بھارت پروتہوار شروع ہو رہا ہے۔جبکہ سرکاری ٹی وی پرسار بھارتی یوم جمہوریہ کے دن کلاسیکی موسیقی کے 24 گھنٹے چلنے والے چینل راگم کا آغاز کر رہا ہے۔ یہ آکاش وانی (آل انڈیا ریڈیو) کی ویب سائٹ اور ڈی ٹی ایچ کے ذریعہ دستیاب ہوگا۔

یوم جمہوریہ سے قبل والی شام کو صدر پرنب مکھرجی نے اپنے خطاب میں پڑوسی ممالک کے ساتھ تمام مسائل کے حل کے لیے بات چیت کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ گولیوں کی بوچھاڑ کے درمیان بات چیت ممکن نہیں۔صدر نے اپنی تقریر میں کہاانتہا پسندی اس کینسر کی طرح ہے جسے آپریشن سے کاٹ کر باہر نکال دینا چاہیے۔انھوں نے کہا کہ خشک سالی،سیلاب اور بین الاقوامی کساد بازاری کے باوجود بھارت نے 7.30 فیصد کی ترقی کی شرح حاصل کی تاہم معیشت کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ اقتصادی صلاحات کو آگے لے جانے کے لیے تمام سیاسی اختلافات کو پیچھے چھوڑ دینا چاہیے۔جشن یوم جمہوریہ سے قبل شمالی بھارت میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا تھا اور چپے چپے پر پولیس اور فوجی دستوں کو تعینات کیا گیا ہے۔اس موقعے پر بھارت کی مختلف ریاست کی جانب سے جھانکیاں نکالی جاتی ہیں اور اس میں بھارت اپنی فوجی قوت کا بھی مظاہرہ کرتا ہے۔

متعلقہ عنوان :