خیرپور یوتھ کونسل کی تقریب حلف برداری کا انعقاد

منگل 26 جنوری 2016 12:08

سکھر ۔ 26 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 جنوری۔2016ء) خیرپور یوتھ کونسل کی تقریب حلف برداری سچل آڈیٹوریم ہال خیرپور میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر سیدہ نفیسہ شاہ جیلانی نے کہا کہ نوجوان معیاری تعلیم حاصل کرکے ملک قوم اور صوبے کی بہتر ترقی کے لئے اپنا موثر کردار ادا کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیرپور یوتھ کونسل کا پلیٹ فارم یہاں کے نوجوانوں کو اسپورٹس، صحت، کلچر اور دیگر معلومات کی فراہمی کے لئے مثبت کردار پیش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو یوتھ پروگرام کے تحت 200 سے زائد ٹریڈز میں نوجوانوں کو مختلف ہنرکی تربیت فراہم کی جارہی ہے جس سے وہ اپنا روزگار حاصل کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایم این اے ڈاکٹر سیدہ نفیسہ شاہ جیلانی نے خیرپور یوتھ کونسل کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی جانب سے تین لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا۔

اس موقع پر سید امجد شاہ جیلانی نے خطاب کے دوران 20 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے پرسنل سیکریٹری مظہر خان نے 30 ہزار روپے، ایڈوکیٹ مجاہد حسین راجپوت نے 30 ہزار روپے، انجمن تاجران کے صدر لالا عبدالغفار شیخ نے 3 لاکھ روپے، غلام حسین مغل نے 10 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔ قبل ازیں خیرپور یوتھ کونسل کے صدر سید عمر شاہ جیلانی نے خطبہ استقبالیہ دیا۔