کراچی، ون فائیو پر جھوٹی اطلاعات دینے والوں کے خلاف کارروائی

منگل 26 جنوری 2016 12:07

کراچی، ون فائیو پر جھوٹی اطلاعات دینے والوں کے خلاف کارروائی

کراچی ۔ 26 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 جنوری۔2016ء) اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کے زیر انتظا م مددگار 15 کال سینٹر پر جھوٹی اطلاعات دینے والوں کے خلاف پولیس نے کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے سرسید پولیس اسٹیشن نے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملزمان نے اپنے ایک ساتھی کے موبائل فون سے پولیس ایمرجنسی مددگار 15 پر 24 جنوری کو شام 06:05 منٹ کے بعد متعدد بار مقامی پارک میں بم کی جھوٹی اطلاع دی جس کے بعد تھانہ سرسید اور سندھ رینجرز نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے پارک اور اس کے ملحقہ تمام علاقے کو چیک کر کے کلیئر قرار دے دیا۔

اس جھوٹی اطلاع کی فراہمی پر اطلاع دینے والے کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کر لیا اور ان کے خلاف مقدمہ نمبر 21/2016 بجرم دفعہ 171-109-34 تعزیرات پاکستان اور 25D,780 ٹیلیگراف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

گرفتار ہونے والے مقامی پیٹرول پمپ کے ملازم ہیں جن میں سجاول ہیڈ کیشیئر، شاکر اللہ گارڈ اور آصف شامل ہیں۔ پولیس نے مذکورہ مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آٓغاز کر دیا ہے۔

جھوٹی اطلاعات کی فراہمی اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کرنے پر اے آئی جی سیکیورٹی ایس ایس یو مقصود احمد اور ایس پی مددگار 15 ڈاکٹر اسد اعجاز نے کارروائی میں شامل ایس ایچ او سرسید اور جوانوں کی پیشہ ورانہ امور میں دلچسپی کی تعریف کی اور آئندہ بھی ایسے عناصر سے سختی سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا تا کہ عوام الناس کے لئے ان کے مشکل وقت میں پولیس ایمرجنسی سروس کو مزید فعال اور غیر ضروری کالز کی روک تھام کی جا سکے۔

انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ ایسی اطلاعات پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کام میں نہ صرف رکاوٹ بنتی ہیں بلکہ مشکل میں پھنسے دیگر شہریوں کو مزید مشکلات کا شکار بھی کرتی ہیں لہذا اپنے موبائل فون اپنے بچوں سے دور رکھیں اور ماسوائے ایمرجنسی کے مددگار 15 ڈائل نہ کریں تاکہ پولیس عوام کی بہتر انداز میں خدمت کر سکے۔

متعلقہ عنوان :