ملک کے بیشتر علاقے سخت سردی کی لپیٹ میں آگئے ، ایئر پورٹس پرفلائٹ آپریشن متاثررہا

منگل 26 جنوری 2016 11:36

لاہور/پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 جنوری۔2016ء) پنجاب اور خیبر پختونخوا سمیت ملک کے بیشتر علاقے سخت سردی کی لپیٹ میں آگئے ، شدید دھند کے باعث ملتان اور پشاور ایئر پورٹس پرفلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا ، اسلام آباد پشاور موٹر وے بند رہا ، سکردو میں درجہ حرارت منفی سولہ ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملک کے بیشتر میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں آگئے ، خون جما دینے والی سردی سے زندگی منجمد ہو کر رہ گئی، لاہور میں بھی سردی کا راج رہا ، گزشتہ رات درجہ حرارت 3 رہنے کے بعد باغوں کا شہر بھی یخ بستہ ہواوٴں کی لپیٹ میں رہا ، شہر اقتدار میں بھی ٹھنڈی ہواوٴں نے شہر بے مثل کا حسن نکھاردیا۔

ملتان اور گردو نواح میں شدید دھند کا راج رہا ، دھند کے باعث ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی معطل رہا ، پشاور اور گرد و نواح میں بھی دھند نے ڈیرے ڈال دئیے جس کے باعث باچا خان ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا۔ سکردو میں درجہ حرارت مسلسل نقطہ انجماد سے نیچے ہے جبکہ بالائی علاقوں میں پارہ منفی پچیس سے بھی نیچے گر گیا ، برف باری کے سبب بالائی دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ۔