قومی مالیاتی کمیشن کے ذیلی ورکنگ گروپ کا اسلام آبادمیں پہلا جائزہ اجلاس

پیر 25 جنوری 2016 23:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جنوری۔2016ء)قومی مالیاتی کمیشن کے ذیلی ورکنگ گروپ کا پہلا جائزہ اجلاس پیر کے روز اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔ جس کی صدارت پروفیسرابراہیم نے کی جبکہ اجلاس میں وزیر خزانہ خیبرپختونخوا مظفر سید اور وزیر خزانہ پنجاب عائشہ غوث پاشااور چاروں صوبوں کے سیکرٹریز خزانہ سیمت وفاقی جائنٹ سیکرٹری خزانہ سید انورالحسن بخاری نے شرکت کی۔

اجلاس میں خیبرپختونخواکی جانب سے تیارکردہ رپورٹ پر مبنی تفصیلی پریزنٹیشن دی ۔جس پر چاروں صوبوں اوروفاق کے نمائندوں نے سیر حاصل بحث کی۔اجلاس میں وزیر خزانہ پنجا ب نے اس رپورٹ کی اہمیت کواجاگر کرتے ہوئے اس کو ایک سنہری موقع قرار دیا اورکہا کہ اس کی مدد سے صوبے محاصل میں اپنی حصے میں اضافے کا کیس پیش کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر اٹھارویں ترمیم کی وجہ سے صوبوں پراضافی بوجھ اور SDG پرصوبوں کی ذمہ داریوں میں اضافے کی وجہ سے مزید محاصل کی ضرورت پر زوردیاجبکہ CPEC اورنیشنل ایکشن پلان کو دو اہم عوامل قرار دیتے ہوئے رپورٹ میں ان کے جائزے کوشامل کرنے کی درخواست کی۔

اجلاس میں سندھ کی جانب سے سپیشل سیکرٹری خزانہ نے رپورٹ کے حوالے سے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے سندھ میں کئے جانے والے بہتر اقدامات سے متعلق بتایا اورآن لائن بجٹ اورمالی ذمہ داریوں سمیت قرضوں پر حدکے قانون کوزیر غورلایاگیا۔اس موقع پر وزیر خزانہ اور سیکرٹری خزانہ پنجاب کی جانب سے ایک مرکزی ڈیٹا بیس مرتب کرنے پر بھی زوردیاگیا۔اجلاس میں خیبر پختونخوا کی جانب سے اچھی فنانشل منیجمنٹ کے لئے پیش کردہ تجاویز کو سراہا گیا۔

اجلاس میں وفاقی سیکرٹری این ایف سی نے خیبرپختونخواحکومت کادہشت گردی کے خلاف جنگ کے لئے مختص حصہ کی شرح میں ایک فیصد سے پانچ فیصدتک بڑھانے کی درخواست کو زیرغورلایاگیا۔انہوں نے اجلاس کو بتایاکہ صرف نیشنل ایکشن پلان کے تحت خیبر پختونخوا نے 66 ارب روپے مانگے ہیں۔انہوں نے اٹھارویں ترمیم اور ایس ڈی جی کے حوالے سے صوبوں کے مطالبات کا مزید جائزہ لینے کی ضرورت پر زوردیااوراس رپورٹ کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے امید ظاہرکی کہ آنے والے وقت میں اسے مزید موزوں اورفائدہ مندبنایاجائیگا۔

انہوں نے خیبرپختونخو کی جانب سے اچھی تجاویز پیش کرنے پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے اس میں مزید بہتری لانے میں تعاون فراہم کرنے کایقین دلایا۔اجلاس میں سیکرٹری خزانہ خیبرپختونخوا علی رضا بھٹہ نے اجلاس کی کاروائی کا خلاصہ پیش کیا ۔اجلاس میں پروفیسرمحمد ابراہیم نے مالیاتی کمیشن کے اجلاس میں تاخیر پرناپسندیدگی کااظہار کرتے ہوئے پنجاب سے ممبر کیش جلدتقرری پر زوردیا۔