حکومت تمام درسگاہوں کی حفاظت اور امن وامان کی صورتحال کی بہتری تمام ممکنہ اقدامات کررہی ہے

خیبرپختونخوا کے وزیر داخلہ و قبائلی امورمحمودخان کا تقریب سے خطاب

پیر 25 جنوری 2016 22:03

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جنوری۔2016ء )خیبرپختونخوا کے وزیر داخلہ و قبائلی امورمحمودخان نے کہا ہے کہ حکومت صوبے میں تمام درسگاہوں کی حفاظت اور امن وامان کی صورتحال کو ہر صورت میں پرامن رکھنے کیلئے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی قیادت میں تمام ترممکنہ اقدامات کررہی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے مٹہ سوات میں واٹرسپلائی سکیموں کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جبکہ اس موقع پر ڈسٹرکٹ کونسلربہادرخان اوردیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔قبل ازیں ایک کروڑ تیس لاکھ روپے کی لاگت سے غریب آباد اوربیدرہ یونین کونسل میں انہوں تکمیل شدہ واٹر سپلائی سکیموں کا باضابطہ افتتاح کیا۔ واضح رہے کہ ان واٹر سپلائی سکیموں سے تقریباً دوہزارسے زیادہ آبادی کوپینے کے لئے صاف پانی دستیاب ہوگا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ جنت نظیر وادی مٹہ سوات کے پر فضا ،مقامات سلاتن ،گبین جبہ اور جاروگو تک کو سیاحوں کی رسائی اورلطف اندوز ہونے کے لئے صوبائی حکومت نے 35 کروڑ روپے کی خطیررقم مختص کی ہے۔

انہوں کہا کہ ماضی میں ضلع سوات کو ایک سازش کے تحت پسماندہ رکھا گیا۔ مگر اس کے برعکس پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے ضلع سوات کو تعمیر وترقی کی شاہر اہ پرگامزن کرنے سمیت سیاحت کے فروغ کے لئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے لنڈاکئی سے لیکر باغ ڈیری تک دریائے سوات کے دونوں کناروں پر سڑک تعمیر کرنے کے لئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں فیزیبیلٹی سٹیڈی کے لئے 5 کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے پچھلے تقریباًپونے تین سالوں کے دوران میرٹ اور قانون کی بالادستی اور عوام کوانصاف کی فراہمی کے لئے ٹھوس اورعملی اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں بہتر طرز کی حکمرانی،نچلی سطح پرلوگوں کو خودمختاربنانے ،شہریوں کوبہتر سماجی خدمات کی فراہمی لوگوں کی معلومات تک رسائی دینے سرکاری اداروں کو خودمختار بنانے کے لئے نہ صرف ریکارڈ قانو سازی کی بلکہ ان قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لئے ایک موثر میکینزم فراہم کیا تاکہ پچھلی چھ دہائیوں سے چلنے آنے والے فرسودہ نظام کو ایک عوام دوست نظام میں تبدیل کرکے لوگوں کو ان کی توقعات اور ضروریات کے مطابق خدمات کے فراہمی کویقینی بنایا جاسکے۔