ساہیوال،شہریوں کا گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف شدید احتجاج

پیر 25 جنوری 2016 22:03

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جنوری۔2016ء) مختلف حلقوں کا گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف شدید احتجاج ‘گیس اور بجلی نہ ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا‘ حکومت توانائی بحران پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ فوری ختم کرنے کامطالبہ۔ ساہیوال کے مختلف حلقوں نے گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف شدید احتجاج کیاہے اور کہاہے کہ سوئی گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑتاہے۔

سخت سردی میں گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو ئے ہیں سارا سارا دن گیس ہو تی نہیں اگر کسی وقت گیس آبھی جائے تو پریشر اتنا کم ہوتاہے کہ کھانا وغیرہ بھی تیار نہیں ہوتا ۔ شہریوں کا کہناہے کہ گیس نہ ہونے سے وہ بازاروں سے ناشتہ اور کھانا وغیرہ مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں ان کے بچے بغیر ناشتہ سکول جانے پر مجبور ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ بجلی بھی مسلسل کئی کئی گھنٹے غیر اعلانیہ بند کرکے انہیں پریشان کیاجاتاہے ۔

بجلی بندہونے سے ان کے کاروبار تباہ ہوچکے ہیں جس کی حکمرانوں کو کئی فکر نہیں ۔ حکمران لوگوں کے بنیادی مسائل حل کرنے کی بجائے انہیں مزید الجھا رہی ہے اور آئے روز نت نئے ٹیکس لگا کر انہیں پریشان کیاجارہاہے۔شہریوں نے وزیرا عظم پاکستان اور دیگر متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔