کرپشن نے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا اورخون چوسنے والی جونکوں نے پاکستان کے جسم کو لاغر اور کمزور کردیا ہے،مشتاق احمد

چوروں ،لٹیروں کا کڑا ،بے رحم احتساب کرنے کیلئے آئینی اداروں کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے ،68سال میں کرپشن سے ہاتھ رنگنے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کرکے پائی پائی کا حساب لیا جائے گا،امیرجماعت اسلامی خیبرپختونخوا

پیر 25 جنوری 2016 19:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جنوری۔2016ء) امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ کرپشن نے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا اورخون چوسنے والی جونکوں نے پاکستان کے جسم کو لاغر اور کمزور کردیا ہے۔کرپشن کے خلاف ملک گیر تحریک میں اچھی شہرت کی حامل اور اسٹیٹس کو کی مخالف قوتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے اور چوروں اور لٹیروں کا کڑا اور بے رحم احتساب کرنے کیلئے آئینی اداروں کا بھی دروازہ کھٹکھٹائیں گے ۔

عوام متحد ہوجائیں تو لٹیروں کو بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا۔68سال میں کرپشن سے ہاتھ رنگنے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کرکے پائی پائی کا حساب لیا جائے گا۔قومی دولت لوٹنے والے قوم کے مجرم ہیں انہیں بچ نکلنے کا موقع دینا ملک و قوم سے غداری کے مترادف ہے ، چوروں اور صیہونی اداروں کے ایجنٹوں کے ہاتھوں ملکی سا لمیت خطرے میں ہے ،احتساب اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو لٹیروں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کرنی چاہئے۔

(جاری ہے)

کرپشن اور لوٹ مار کو روکنے کے لیے قائم کی گئی نیب لوٹ مار اور کرپشن کو قانونی حیثیت دینے پر لگی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ لوٹی ہوئی رقم کی 5 فی صد ادائیگی کر کے باقی 95 فی صد کی معافی قومی جرم ہے ۔ نیب ، وفاقی حکومت اوربنکوں کی پالیسیاں غریب دشمن اور کرپٹ دوست ہیں۔ وہ ایبٹ آباد میں جماعت اسلامی کے ضلعی شوریٰ ، زونل ویوسی امراء اور دیگر ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔

اجلاس سے امیر جماعت اسلامی ضلع ایبٹ آباد عبدالرزاق عباسی نے بھی خطاب کیا۔ مشتاق احمد خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت تمام مسائل کو چھوڑ کر چوروں اور کرپٹ لوگوں کو تحفظ دینے میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے اربوں روپے لوٹ مار کر کے کمائے ہیں حکومت صرف پانچ فی صد لے کر ان کو کلین چٹ دے رہی ہے۔انھوں نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے تھر میں بھوک سے بڑی تعداد میں بچوں کی ہلاکت کے خلاف از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کی ذمہ دار وفاقی اور سندھ حکومت ہے۔

ناقص پالیسیوں کی وجہ سے قوم اس انسانی المیہ سے دو چار ہے۔کہا کہ پاکستان سنگین بحرانوں سے دو چار ہے اور اس کو بحرانوں سے نکالنا کرپٹ اورنااہل لوگوں کے بس کی بات نہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان مہم کے ذریعے قوم کو ان مصائب سے نجات دلائے گی ۔ ترقی یافتہ، تعلیم یافتہ ، پرامن ، کرپشن سے پاک ، آزاد اور خودمختار پاکستان ہمارا مشن ہے۔

حکمرانوں نے ڈائریکٹ اور ان ڈائریکٹ ٹیکسوں سے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ حکمران طبقہ کے 350ارب ڈالر سے زیادہ بیرون ملک بنکوں میں پڑے ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کے بجائے اپنی جیبیں بھررہے ہیں۔ حکمران غریبوں کو مارنے پر تلے ہوئے ہیں۔مشتاق احمد خان نے کہا کہ کرپشن اور غربت کا واحد حل شفاف اور اہل قیادت ہے جو صرف اور صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں دیانتدار قیادت کے انتخاب کیلئے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔عوامی مسائل مہنگائی بے روز گاری ،بدامنی اور غربت،ٹیکسوں کی بھرمار اور عالمی قرضے موجودہ حکمرانوں کے سیاہ کارنامے ہیں ۔