امریکہ میں برفانی طوفان سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 28 ہوگئی

پیر 25 جنوری 2016 11:12

امریکہ میں برفانی طوفان سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 28 ہوگئی

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جنوری2016ء) امریکا کی مختلف ریاستوں میں ریکارڈ برفباری نے زندگی کو مفلوج کرکے رکھ دیا ، مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد اٹھائیس ہوگئی ، مغربی ورجینیا میں بیالیس انچ تک برف پڑی ۔ نیویارک سٹی سے واشنگٹن ڈی سی تک زبردست برفانی طوفان نے خوب تباہی مچائی ۔ نیو جرسی اور نیویارک میں ستائیس میری لینڈ میں سینتیس ، مغربی ورجینیا میں بیالیس انچ تک برف پڑی ۔

برف سے ڈھکی سڑکوں پر ہونے والے حادثات میں اٹھائیس افراد جان کی بازی ہار گئے ۔ نیویارک میں برفانی طوفان تھمنے کے بعد سفری پابندی ہٹا دی گئی ۔ واشنگٹن کو انیس سو بائیس کے بعد ریکارڈ برفباری کا سامنا ہے ۔ شہر میں میٹرو سروس کو جزوی طور پر بحال کیا گیا ہے جبکہ سکول آج بند رہیں گے ۔

(جاری ہے)

یہاں فٹبال سٹیڈیم کی چھت برف کے وزن کی وجہ سے نیچے جاگری ۔

آٹھ کروڑ 50 لاکھ افراد طوفان سے متاثر ہوئے ، ہزاروں لوگوں کو بجلی کی فراہمی بند ہو چکی ہے ۔ پینسلوینیا میں پانچ سو گاڑیاں برف میں پھنس گئیں جبکہ برفانی طوفان کی وجہ سے گیارہ ہزار پروازیں منسوخ کر دی گئیں ۔ کنیکٹیکٹ میں برفانی طوفان کی وجہ سے ٹرین کو حادثہ پیش آیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ فیئرفیکس میں برف سے ڈھکے گھر میں آگ بھڑک اٹھی ۔ حکام کا کہنا ہے طوفان سے نقصان اور بحالی پر ایک ارب ڈالر خرچ کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔