دیہی سڑکوں کی تعمیر نو کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب شروع کیے گئے میگا پروجیکٹ سے زراعت کے شعبے میں انقلاب برپا ہوگا‘ ذرائع مواصلات اور چین اقتصادی راہداری کی جلد اوربروقت تکمیل ہی پاکستان کو ترقی کی مضبوط اور دیر پا بنیاد فرائم کرے گی ‘معاشی ترقی کے ذریعے ملک سے جہالت ،دہشت گردی اور غربت کے اندھیروں کا مکمل خاتمہ کیا جائیگا،وفاقی وزیر اُمورکشمیر وگلگت بلتستان چوہدر ی برجیس طاہر کاسڑک کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اتوار 24 جنوری 2016 21:08

سانگلہ ہل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24جنوری۔2016ء) وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر وگلگت بلتستان چوہدر ی محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ دیہی سڑکوں کی تعمیر نو کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب شروع کیے گئے میگا پروجیکٹ سے زراعت کے شعبے میں انقلاب برپا ہوگا‘ ذرائع مواصلات اور چین اقتصادی راہداری کی جلد اوربروقت تکمیل ہی پاکستان کو ترقی کی مضبوط اور دیر پا بنیاد فرائم کرے گی ‘معاشی ترقی کے ذریعے ملک سے جہالت ،دہشت گردی اور غربت کے اندھیروں کا مکمل خاتمہ کیا جائیگا۔

وہ اتوار کو یہاں شاہ کوٹ کے ایک نواحی علاقے چک نظام پورہ مولا سنگ میں ایک سڑک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت دیہی علاقوں کی تعمیر وترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اُنہوں نے کہا کہ زراعت کا شعبہ ملک کی ترقی میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ زراعت کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کے لیے حکومت پنجاب نے ایک جامع منصوبہ شروع کیا ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ پنجاب میں دیہی سڑکوں کی تعمیر نو کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب شروع کیے گئے میگا پروجیکٹ سے زراعت کے شعبے میں ایک انقلاب برپا ہوگا اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔اُنہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت تعمیر ہونے والی سڑکوں کے نتیجے میں کھیتوں سے منڈیوں تک رسد آسان ہو جائے گی۔ جس کی وجہ سے ایک طرف تو کسانوں کو اپنی فصلوں کا بہترین معاوضہ ملے گا ۔

دوسری طرف وہ کھاد او ر بیج بھی مناسب قیمت پر حاصل کر سکیں گے۔چوہدری محمد برجیس نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ملک میں حقیقی تبدیلی کے لیے منصوبے شروع کر رکھیں ہیں۔ ذرائع مواصلات کی ترقی اور سڑکوں اور موٹرویز کا جال پاکستان کو حقیقی معنوں میں اس خطے کی مضبوط معاشی طاقت بنانے میں ایک کلیدی کردار ادا کریں گے۔جس کے نتیجے میں پاکستان ایشین ٹائیگر بننے کے لیے اپنا سفر تیزی سے طے کرے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میں جاری موٹرویز کے منصوبے اور پاک چین اقتصادی راہداری کی جلد اور بروقت تکمیل ہی پاکستان کو ترقی کی مضبوط اور دیر پا بنیاد فراہم کریں گے ۔اُنہوں نے کہا کہ یہی وزیر اعظم کا ملک کی ترقی سے متعلق وہ وژن ہے جس سے آنے والے چند سالوں میں ملک کے طول وعرض میں اورہر صوبے کے خاص و عام عوام یکساں مستفید ہوں گے اور اس معاشی ترقی کے ذریعے ملک سے جہالت ،دہشت گردی اور غربت کے اندھیروں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔